کریم نگر کے رحمان اور ریحان ملائیشیا کے بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے منتخب
کریم نگر،14نومبر (نثار احمد پروانہ ): تلنگانہ ریاست کے لیے باعثِ فخر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ضلع کریم نگر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان ہاکی کھلاڑیوں محمد رحمان علی اور محمد ریحان خان کو ملائیشیا میں منعقد ہونے والے 49ویں پیسٹا یو ایس ایم انٹرنیشنل انڈور ہاکی انویٹیشنل ٹورنامنٹ کے لیے تلنگانہ کی نمائندگی کرنے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ 13 تا 15 نومبر 2026 کو ملائیشیا کے شہر پینانگ میں منعقد ہوگا۔
ان دونوں کھلاڑیوں کو تلنگانہ سے اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لیے منتخب ہونے والے واحد دو کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جو ضلع کریم نگر اور ریاست کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ جون 2026 میں گجرات کے احمدآباد میں منعقدہ سینئر انڈور ہاکی نیشنل چیمپئن شپ میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ قومی سطح پر اپنی بہترین کارکردگی اور کھیل کی صلاحیتوں کی بنیاد پر انہیں ملائیشیا میں ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع حاصل ہوا۔
اس ٹورنامنٹ میں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے درمیان انڈور ہاکی مقابلے ہوں گے۔ یہ کھیل تیز رفتار اور دلچسپ انداز میں کھیلا جاتا ہے، جس میں غیر معمولی رفتار، مہارت، تال میل اور ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے۔
کریم نگر کے ان دونوں نوجوان کھلاڑیوں کے انتخاب پر ضلع کے کھیلوں کے حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



