تلنگانہ رکشنا سینا کی طاقت میں مزید اضافہ- مختلف جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کی شمولیت۔ کویتا نے خیر مقدم کیا

تلنگانہ رکشنا سینا کی طاقت میں مزید اضافہ
مختلف جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کی شمولیت۔ کویتا نے خیر مقدم کیا
تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کی مسلسل شمولیت سے پارٹی کو ریاست بھر میں مزید تقویت حاصل ہو رہی ہے۔ بنجارہ ہلز میں واقع پارٹی دفتر میں آج منعقدہ پروگرام کے دوران بڑی تعداد میں مسلم خواتین نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پٹیل نگر بلدی حلقہ، اسمبلی حلقہ عنبرپیٹ سے سینئر رہنما سید متین احمد اور میر حامد علی کی قیادت میں مسلم خواتین کی نمایاں تعداد نے تلنگانہ رکشنا سینا میں شامل ہو کر کلواکنٹلہ کویتا کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پارٹی چیف کلواکنٹلہ کویتا نے تمام نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی کھنڈوا پیش کرتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تلنگانہ رکشنا سینا کی پالیسیوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
بعد ازاں حلقہ اسمبلی بوتھ کے سابق رکن اسمبلی راتھوڑ باپوراؤ کی قیادت میں 200 سے زائد قائدین اور کارکنان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح جوبلی ہلز حلقہ سے نرسمہا اپنے حامیوں کے ساتھ پارٹی میں شامل ہوئے جبکہ نرساپور حلقہ سے بھی متعدد نوجوانوں نے تلنگانہ رکشنا سینا کا حصہ بنتے ہوئے کویتا کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ریاست کے مختلف حلقوں سے جاری یہ شمولیتیں اس بات کی غماز ہیں کہ عوام کلواکنٹلہ کویتا کی قیادت کو مضبوط اور قابل اعتماد مانتے ہوئے ان کے ساتھ جڑ رہے ہیں، اور آنے والے دنوں میں مزید بڑی تعداد میں عوام کے پارٹی میں شامل ہونے کی توقع ہے۔



