جنرل نیوز

احساس، انسانیت اور خدمت کا عملی مظاہرہ ،کارپوریٹ آفس ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کامیابی سے انعقاد

حیدرآباد، 17 جون/جب دل میں احساس ہو، سینے میں انسانیت کا جذبہ ہو، اور ارادہ خدمت کا ہو،تو یہی دل دوسروں کے لیے اپنا خون دینے کو باعثِ سعادت سمجھتا ہے۔ آج یہی مناظر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کارپوریٹ دفتر میں دیکھنے کو ملے، جہاں ایم این جے (مہدی نواز جنگ) گورنمنٹ کینسر ہاسپٹل کی درخواست پر ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

 

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی مینجمنٹ نے اس انسانی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے فوری طور پر کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا، جس میں اکیڈیمی کے عملہ نے اپنا خون عطیہ کیا جس میں ایم ایس کے اسٹاف کے ساتھ ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے طلبہ نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خون عطیہ کرکے انسانیت کا عملی ثبوت دیا۔ ایم ایس کے اسٹاف کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا خون کسی بیمار کے کام آسکتا ہے تو اس سے بڑی سعادت کوئی اور نہیں ہو سکتی۔

 

 

اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چئیرمین محمد لطیف خان نے بھی مینجمنٹ کے اراکین کے ساتھ اپنےخون کا عطیہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے، اس سے قبل بھی اسپتالوں اور اداروں کی درخواست پر ایم ایس نے بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کیے ، اور آئندہ بھی انشاء اللہ ایسے کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 

 

"ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا خون اور پسینہ اس ملک و ملت کے کام آئے،” انہوں نے آگے کہا۔ "یہ صرف ایک عطیہ نہیں بلکہ ایک پیغام ہے، زندگی بانٹنے کا، امید جگانے کا اور انسانیت کی خدمت کا۔”ایم این جے کینسر ہاسپٹل نے اس تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے جذبۂ خدمت کو سراہا اور بلڈ ڈونرس میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے ۔ محمد لطیف خان نے آخر میں

 

دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس کارِ خیر کو قبول فرمائے اور عطیہ دہندگان کو دنیا و آخرت میں اس کا بہترین صلہ عطا کرے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button