جنرل نیوز

اردو یونیورسٹی میں حیات بخشی بیگم پر ڈرامہ

حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ، ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعاتِ دکن کے زیر اہتمام 3 اکتوبر کو شام 7:30 بجے اوپن ایئر تھیئٹر تاریخی ڈرامہ ”سوانح حیات“ پیش کیا جارہا ہے۔ محکمہ زبان و ثقافت، حکومت تلنگانہ اور سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے تعاون سے یونیورسٹی کے جشنِ سیمیں کے حصہ کے طور پر اس ڈرامے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
یہ ڈرامہ ملکہ حیات بخشی بیگم کی سوانح حیات پر مبنی ہے جو 17 ویں صدی میں گولکنڈہ کے قطب شاہی حکمرانوں میں سے تھیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ قادر علی بیگ تھیئٹر فاﺅنڈیشن کے فنکار اسے پیش کریں گے۔ ڈرامہ کے ڈائرکٹر پدم شری جناب محمد علی بیگ، تین اہم کرداروں میں نظر آئیں گے جبکہ تجربہ کار اداکارہ محترمہ رشمی سیٹھ ملکہ کا کردار نبھائیں گی۔ محترمہ نور بیگ، جناب وجئے پرساد ، جناب ایس اے مجید اور محترمہ سارہ حسین معاون کرداروں میں ہوں گے۔
پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، ڈائرکٹر، مرکز کے بموجب تقریب میں جناب محمد محمود علی، وزیر داخلہ حکومت تلنگانہ مہمان خصوصی ہوں گے اور پروفیسر سید عین الحسن وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ ڈرامہ ”سوانح حیات“ کے ذریعے تاریخ کے ایک گم گشتہ باب کو منظر عام پر لانے کی کوشش کی گئی ہے جو حیدرآباد کی تاریخی عظمت کا ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button