جنرل نیوز

جی آئی او جگتیال کے زیر اہتمام 11 روزہ سمر اسلامک کیمپ کا اختتامی پروگرام

 

گلرز اسلامک آرگنائزیشن (جی آئی او جگتیال) یونٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ 11 روزہ (5 مئی تا 15 مئی) سمر اسلامک کیمپ کا اختتامی پروگرام 15 مئی کو صبح 10 بجے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

 

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد افتتاحی کلمات میں بہن ام رفیدہ شفاء (ایکسپانشن سیکریٹری جی آئی او تلنگانہ) نے تنظیم کا تعارف اور کیمپ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ: "جی آئی او کا مقصد الٰہی ہدایات کے مطابق ایک بااخلاق اور باکردار سماج کی تشکیل کے لیے طالبات اور نوجوان خواتین کی رہنمائی کرنا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہر سال گرمائی تعطیلات میں سمر کیمپ منعقد کیا جاتا ہے۔”

 

کیمپ کے دوران ہر دن مختلف دینی و اخلاقی موضوعات پر دروسِ قرآن، دروسِ حدیث، فقہ، مطالعہ کے شوق کو بیدار کرنے کے لیے کتب بینی سیشن، اسلامی فکر پر مبنی تقاریر، گیمز، روزانہ قرآنی دعاؤں کا حفظ، اور سیرتِ رسول ﷺ شامل رہے۔ آخری دن سیرت پر مبنی کوئز مقابلہ بھی منعقد ہوا، جس کے بعد انعامات تقسیم کیے گئے۔

 

پروگرام کا خصوصی خطاب محترم *ڈاکٹر زبیر احمد خان* صاحب نے کیا، جنہوں نے "جہاں ہے تیرے لیے، تُو نہیں جہاں کے لیے” کے عنوان پر ایک پُر اثر اور فکری خطاب کیا، جس نے نوجوانوں کو مقصدِ حیات اور اپنے وقت کی قدر کے حوالے سے بہترین رہنمائی کی۔

 

پروگرام کی نمایاں جھلکیوں میں *”فلسطین کارنر”* شامل رہا، جہاں طالبات نے فلسطینی عوام کی جدوجہد اور استقامت کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر فلسطین کے حق میں ایک جوشیلا ترانہ بھی پیش کیا گیا، جو سامعین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔

 

کیمپ کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔

*ساتھ ہی دسویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ کی مسلم و غیر مسلم طالبات کو ان کی تعلیمی کامیابیوں پر خصوصی طور پر فیلسیٹیٹ کیا گیا۔*

 

اختتامی خطاب *جناب شعیب الحق* صاحب (امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند جگتیال) نے کیا، جنہوں نے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس علم کو ہمارے لیے نافع بنائے.

 

یہ کیمپ شہرِ جگتیال کے دو مختلف مقامات (دفتر جماعت، قلعہ گڈہ اور محلہ اسلام پورہ) میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس کے اختتامی پروگرام میں 150 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button