آر ایس ایس کے گڑھ میں لہرایا کانگریس کا پرچم

ممبئی : ملک کی چار ریاستوں میں قانون ساز کونسل کی 28 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں کانگریس کو مہاراشٹر میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
ناگپور ڈویژن گریجویٹ حلقے سے کانگریس کے امیدوار ابھیجیت گووند راؤ ونچاری نے مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل وہ 2020 میں بھی اس نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔
کامیابی کے بعد ابھیجیت ونچاری نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی اور اس کے تمام بڑے قائدین ناگپور میں موجود تھے اس کے باوجود ووٹروں نے کانگریس کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی متحد رہی اور مہا وکاس اگھاڑی کے قائدین و کارکنوں نے بھی مل کر کام کیا۔ کئی تنظیموں نے ان کی حمایت کی۔ انتخابی مہم کے مواد میں انہوں نے بتایا تھا کہ 48 تنظیمیں ان کے ساتھ ہیں ونچاری کے مطابق
یہ کامیابی ان تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں کی ہے۔مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے مہایوتی اتحاد کو پانچ میں سے دو نشستیں ملیں جبکہ اپوزیشن کے مہا وکاس اگھاڑی اتحاد نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔



