تلنگانہ میں نئے راشن کارڈ کے لئے اکٹوبر سے وصول کی جائیں گی درخواستیں

حیدرآباد _ 16 ستمبر( اردولیکس) تلنگانہ حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے مستحق خاندانوں کو نئے راشن کارڈس جاری کرنے کے لئے آیندہ ماہ اکٹوبر سے درخواست فارم حاصل کئے جائیں گے۔ درخواست فارم وصول کرنے کی تاریخ کا بہت جلد اعلان کیا جاۓ گا۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ ماہ 10 اگست کو راشن کارڈ کی اجرائی کے لئے 17 ستمبر سے درخواست فارم وصول کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم نئے راشن کارڈ کے لئے ابھی تک گائیڈ لائن تیار نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے گائیڈ لائنز تیار ہونے کے بعد درخواست فارم اکٹوبر سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے
پیر کو راشن کارڈ کی اجرائی کا جائزہ لینے والی کابینہ سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ جلد سے جلد گائیڈ لائنز تیار کریں
گزشتہ ماہ منعقدہ اجلاس میں وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کہا تھا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے خاندان کی سالانہ آمدنی دیڑھ لاکھ روپے، 3.5 ایکر تری یا 7.5 ایکر خشکی اراضی رکھنے والے خاندان کو نیا راشن کارڈ جاری کرنے کی تجویز ہے جب کہ شہری علاقوں میں راشن کارڈ کے لئے سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں زمین کی ملکیت کے بجائے سالانہ آمدنی کا پیمانہ رکھا گیا ہے
۔ انہوں نے کہا تھا کہ نئے راشن کارڈ کے لئے جو حد آمدنی کی تجویز کابینی سب کمیٹی نے مقرر کی ہے اس پر بلالحاظ پارٹی وابستگی عوامی نمائندوں کی رائے حاصل کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ریاست کے تمام ارکان پارلیمنٹ ، ارکان مقننہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کریں