جنرل نیوز

نارائن پیٹ میں جلسہ یوم القرآن کا انعقاد  _ مولانا مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری اور ڈاکٹر محمد قطب الدین امریکہ ودیگر کے آن لائن خطابات

نارائن پیٹ: نارائن پیٹ ضلع مستقر کے محلہ لعل مسجد میں سماعت قرآن برائے خواتین کی تکمیل کے موقع پر آن لائن جلسہ یوم القرآن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس کا آغاز مولانا حافظ محمد سفیان تاج فاضل جامعہ نظامیہ کی قرآت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعت شریف حافظ محمد تقی مصطفی قادری جانشین سجادہ بارگاہ تقی بابارح نے پڑھی۔ اس جلسہ میں بحیثیت مہمان خصوصی مولانا ڈاکٹر حافظ صابر پاشاہ قادری خطیب وامام مسجد حج ہاؤز تلنگانہ’ ڈاکٹر محمد قطب الدین امریکہ’ مولانا سید احمد حسینی اشرفی جلالی جانشین سجادہ بارگاہ قتالیہ کولم پلی نے آن لائن پروگرام کے ذریعہ شرکت کی۔

 

اس موقع پر ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو امریکہ نے جلسہ یوم القرآن و تکمیل سماعت قرآن کے ذریعہ دنیا کے مسلمانوں کو یہ پیغام دیا کہ اگر وہ دنیا میں عزت مقام مرتبہ اور سرخرو ہونا چاہتے ہیں تو انہیں قرآن مجید کو پابندی سے روزانہ ترجمہ و تفسیر سے قرآن کا مطالعہ کرنا ہوگا. قرآن مجید قیامت کے آنے والے انسانوں کے لیے رہنمائے ہدایت اور فلاح و بہبود کا عظیم الشان نسخہ کیمیا ہے. جب جب مسلمان قرآن پر عمل پیرا ہوئے تو انہیں غلبہ حاصل رہا اور دنیا میں بڑے شان سے رہیں اور جب کبھی انہوں نے قرآن کریم کو پس پست ڈال دیا، اس کی تعلیمات و احکامات سے انحراف کیا تو ذلت و خواری ان کا مقدر بن گئی.

 

اس وقت مسلمانان عالم کے خاص طور مسلم نوجوانوں اور لڑکیوں کے لیے میرا یہی پیغام ہے کہ وہ قرآن کریم کی تعلیمات اور آقائے نامدار، سرورِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر عمل کریں اور پھر دیکھیں کہ کس طرح دنیا ان کی قدموں میں ہوتی۔انہوں نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین دین کی اصل جڑیں ہیں۔ اگر ایک خاتون دین دار رہیں گی تو وہ اپنے گھر کو سرسبز بنا سکتی ہیں۔ ماں کی تعلیم ہی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے۔ خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ ماہِ رمضان المبارک ایک خاص رحمتوں اور برکتوں کے نزول کا مہینہ ہے جو ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس میں کثیر وقت اس کتاب (قرآن کریم) کے ساتھ گزاریں جس میں دِلوں کی شفاء ہے۔

 

قرآن مجید پڑھنا اور سمجھنا کسی دن کا محتاج نہیں ہر روز ہی یہ اپنے قاری کیلئے ہدایت کا ذریعہ بنتا ہے لیکن رمضان المبارک میں تلاوت قرآن کی ایک منفرد اہمیت ہے۔ رمضان المبارک کے یہ ایام ہمیں اپنے نظام الاوقات کو ترتیب دینے، حقوق اللہ اور حقوق العباد کا باقاعدگی سے اہتمام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ نیز ہمیں اس امر کی جانب متوجہ کرتے ہیں کہ ہم محض لہو و لعب میں ہی زندگی کے ان قیمتی ایام کو ضائع نہ کریں بلکہ ان اوقات کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ مولانا سید احمد حسینی اشرفی جلالی جانشین سجادہ بارگاہ قتالیہ کولم پلی نے بھی جلسہ یوم القرآن سے خطاب کیا اور ماہ صیام میں قرآن کی برکت اور عظمت پر روشنی ڈالی۔

 

۔اس موقع پر تکمیل سماعت قرآن کے حوالے سے حافظ محمدتقی کو تہنیت پیش کی گئی۔ مولانا سید احمد حسینی اشرفی جلالی جانشین سجادہ بارگاہ قتالیہ کولم پلی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button