تلنگانہ

جی او 317 کے مسلہ پر ریاستی وزراء کی سب کمیٹی سے اسٹیٹ اردو ٹیچر اسوسی ایشن (سوٹا) کی نمائندگی

حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ نے اساتذہ اور ملازمین کے دیرینہ مطالبہ کا احترام کرتے ہوئے جی او 317 کے اطلاق سے اساتذہ اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تین ریاستی وزرا پر مشتمل سب کمیٹی متعین کی ہے اس سب کمیٹی کے چیئرمین ریاستی وزیر دامو در راج نرسمہا کو متعین کیا گیا۔

 

اس ریاستی وزراء کی سب کمیٹی نے سیکریٹریٹ کے گراؤنڈ فلور پر ریاست کی مختلف اساتذہ تنظیموں سے تبادلہ خیال کیا اور تجاویز حاصل کیں اس موقع پر اردو اساتذہ کی قدیم ترین اور فعال تنظیم اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن( سوٹا) کے ریاستی اسوسی ایٹ صدر محمد خواجہ مجتہد الدین اور ریاستی جنرل سیکرٹری محمد ریاض احمد خان نے نمائندگی کرتے ہوئے چند اہم تجاویز پیش کیں جس میں انہوں نے کہا کہ جی او 317 کے اطلاق سے سب سے زیادہ نقصان اردو اساتذہ کا ہوا چونکہ اضلاع میں اردو اسکولوں کی تعداد کم ہوتی ہے لہذا اسکولوں کی عدم موجودگی کا بہانہ بناتے ہوئے اساتذہ کو دور اور دیگر اضلاع میں تعینات کیا گیا۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سابقہ کانگریسی حکومت نے عارضی سوپر نیومری جائیدادوں کو قائم کرتے ہوئے جی او 610 کے تحت اپنے اپنے ضلع کو روانہ کیاتھا اسی طرح موجودہ حکومت بھی ضرورت پڑنے پر سوپر نیومری پوسٹ قائم کرتے ہوئے کو متاثرہ اساتذہ کو ان کے اپنے مطلوبہ ضلع یا وطنی ضلعے میں متعین کیا جا سکتا ہے انہوں نے اسکول اسسٹنٹ اور سیکنڈری گریڈ ٹیچر دونوں کو زونل پوسٹ بنانے اورہر قدیم متحدہ ضلع کو زون بناتے ہوئے اس دیرینہ مسائل کو بڑی اسانی سے حل کر سکنے کا عندیا بھی دیا اس موقع پر ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا اور سریدھر بابو نے سوٹا کی ان تجاویز اور مطالبات کو بہت غور سے سماعت فرمایا اور حتی المقدور جلد از جلد 317 جی او کے متاثرہ اساتذہ کے ساتھ انصاف کرنے کا تیقن دیا

 

اس موقع پر کمشنر سکول ایجوکیشن سریمتی دیو سینا پی ار سی کمیٹی چیئرمین شیو شنکر ونئے کرشنا ریڈی ائی ایس اور دیگر عہدے داران موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button