تلنگانہ

تلنگانہ میں کانگریس حکومت کا تختہ الٹ دیں، امیت شاہ کی بی جے پی کارکنوں سے اپیل

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی کارکنوں سے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی اپیل کی۔ حیدرآباد میں نظام کالج کے روبرو جگجیون رام کے مجسمے سے ایم جے مارکیٹ تک ہزاروں کارکنوں کی شرکت کے ساتھ منعقدہ مہاپدیاترا کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تحفظ اور بدانتظامی کا خاتمہ بی جے پی کا مقصد ہے۔

 

انہوں نے یاد دلایا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے نظام کو جھکا کر حیدرآباد کو آزادی دلائی تھی۔کانگریس کی ’ووٹ بچاؤ‘ ریالیوں کو دراندازوں کے تحفظ کی کوشش قرار دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ فوت شدہ افراد، ایک کروڑ سے زائد فرضی ووٹوں اور ملک میں موجود نہ ہونے والے تین کروڑ افراد کے ووٹ حذف کئے جانے چاہئیں۔

 

انہوں نے ایس آئی آر اور ای وی ایم پر کانگریس کے الزامات مسترد کرتے ہوئے راہول گاندھی اور انڈیا اتحاد کے قائدین کو ان موضوعات پر کھلی بحث کا چیلنج دیا۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اپنے دس سالہ دور حکومت میں 12 لاکھ کروڑ روپے کی بدعنوانی کی اور تلنگانہ کو پارٹی ہائی کمان کے لیے اے ٹی ایم بنا دیا ہے۔ ریاست میں ’آر آر ٹیکس‘ وصول کرنے اور چھ ضمانتوں پر عمل نہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کئی ریاستوں میں اپنی سیاسی بنیاد کھو رہی ہے اور وینٹی لیٹر پر ہے۔

 

امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں میں بدعنوانی عروج پر ہے اور صرف بی جے پی ہی اس کا خاتمہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کو منشیات سے پاک بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کی حمایت جاری رکھنے اور تلنگانہ میں بی جے پی حکومت کے قیام کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button