سعودی عرب کے کئی علاقوں میں سکیورٹی الرٹس جاری، حوثیوں کا بیلسٹک میزائل تباہ

ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں پیر کی صبح ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ہنگامی انتباہات جاری کئے گئے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقے کی جانب حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا۔
سعودی عرب کے ابتدائی انتباہی نظام کے ذریعے صبح 8:58 بجے خمیس مشیط گورنریٹ میں پہلا الرٹ جاری کیا گیا، جس کے بعد طائف، ابہا اور نجران میں بھی انتباہات دیئے گئے۔ دوپہر کے وقت جیزان اور بعد ازاں نجران میں دوبارہ الرٹ جاری کیا گیا۔ بعد میں تمام متاثرہ علاقوں میں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا گیا۔
یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت کے جنوبی علاقے کو نشانہ بناتے ہوئے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی کے ساتھ تباہ کردیا۔ سعودی شہری دفاع نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور ہنگامی صورتحال میں 988 پر رابطہ کریں۔



