موبائل فونوں کی بازیابی میں کاماریڈی ضلع کو پہلا مقام

موبائل فونوں کی بازیابی میں کاماریڈی پولیس کا ریاست بھر میں ریکارڈ، ضلع کو پہلا مقام،ہر ماہ 150 سے زائد فون برآمد، رواں سال 2.23کروڑ روپیہ کی مالیت کے1,397 موبائل فون ضبط، گزشتہ 45 دنوں میں 42.24 لاکھ روپے مالیت کے 264 موبائل فون برآمد
کاماریڈی، 2 نومبر (سید کوثر علی کی رپورٹ) موبائل فونوں کی بازیابی کے معاملے میں کاماریڈی ضلع پولیس نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست بھر میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پولیس کمشنریٹس کو چھوڑ کر اضلاع کی سطح پر موبائل فونوں کی بازیابی میں کاماریڈی ضلع نے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا ہے
۔ اس پر ضلع ایس پی ایم راجیش چندر، آئی پی ایس نے مسرت کا اظہار کیا۔ضلع ایس پی نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے کاماریڈی پولیس عوام کی شکایات کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے موبائل فونوں کی بازیابی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں موبائل فون صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ اس میں بینکنگ معلومات، ذاتی تصاویر اور اہم دستاویزات بھی محفوظ رہتی ہیں۔ ایسے میں فون کا گم یا چوری ہونا ذاتی سلامتی اور رازداری کے لیے خطرہ بن سکتا ہے
۔انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو جلد راحت پہنچانے کے مقصد سے انسپکٹر سمپت کی نگرانی میں آر ایس آئی بالراجو اور پانچ کانسٹیبلوں پر مشتمل خصوصی ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ یہ ٹیم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر ماہ اوسطاً 150 سے زائد موبائل فون برآمد کر رہی ہے۔اعداد و شمار کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ گزشتہ 45 دنوں کے خصوصی آپریشن کے دوران 42.24 لاکھ روپے مالیت کے 264 موبائل فون برآمد کیے گئے، جبکہ رواں سال اب تک 2.23 کروڑ روپے مالیت کے 1,397 موبائل فون ضبط کرکے بازیاب کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ سال بھی تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کے 1,834 موبائل فون برآمد کرکے ان کے مالکان کے حوالے کیے گئے تھے
۔ایس پی نے مزید بتایا کہ سی ای آئی آر (CEIR) پورٹل کے آغاز سے اب تک کاماریڈی ضلع میں مجموعی طور پر 5,678 موبائل فونوں کی نشاندہی اور بازیابی عمل میں لائی گئی ہے، جن کی مالیت تقریباً 9.08 کروڑ روپے ہے۔ یہ تمام فون ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے گئے ہیں
۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خصوصی ٹیم کی ستائش کی ۔ایس پی نے عوام کو مشورہ دیا کہ موبائل فون گم یا چوری ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائیں۔
اس کے علاوہ سم کارڈ کو بلاک کروانے کے بعد سی ای آئی آر پورٹل پر موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر بلاک کروائیں، تاکہ فون کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔ انہوں نے نامعلوم لنکس اور مشتبہ فون کالز سے محتاط رہنے کی بھی اپیل کی۔ بازیاب شدہ موبائل فون حاصل کرنے کے لیے متاثرین ضروری دستاویزات کے ساتھ ضلع پولیس دفتر میں آر ایس آئی بالراجو سے فون نمبر 8712686114 پر رابطہ کرسکتے ہیں



