حرمین کے صحن اور راہداریوں میں سونے سے اجتناب کریں، انتظامیہ

ریاض ۔ کے این واصف
حرمین شریفین میں کچھ زائرین نماز کے بعد سوجاتے ہیں۔ اس سے نہ صرف حرمین کا تقدوس پامال ہوتاہے بلکہ دیگر زائرین کو دشواری ہوتی ہے۔ وزارت نے اس عمل سے اجتناب کی ایک بار پھر ہدایت جاری کی ہے۔ وزارت حج کا کہنا ہے کہ مملکت آنے والے عمرہ زائرین حرمین شریفین کے تقدس اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے راہداریوں و صحن میں سونے اور لیٹنے سے اجتناب برتیں۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج کی جانب سے ایکس اکاونٹ پرجاری انتباہی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے زائرین اپنا زیادہ وقت عبادت میں گزاریں ۔راہداریوں اور صحن میں لیٹنا و آرام کرنا مناسب نہیں خاص کر ان راستوں پر قطعی طورپر نہ بیٹھیں جو ہنگامی حالات میں استعمال کے لیے مخصوص ہیں علاوہ ازاں دیگر زائرین کی سہولت کا بھی خیال رکھیں جو ان راستوں سے گزرتے ہیں۔
راستوں پر لیٹنے یا سونے سے دیگر افراد کو دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اس کی وجہ سے راستے بھی بند ہوجاتے ہیں جس سے راہدایوں میں جانے والوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔