خبر پہ شوشہ "مرا شہر حسینؤں سے معمور کر”

کے این واصف
حکومت تلنگانہ نے تاریخی شہر حیدرآباد میں عالمی مقابلہ حسن کے انعقاد کا اہتمام کرکے ایک تاریخ رقم کردی۔ شہر قدیم کے تاریخی اہمیت کے حامل علاقے چارمینار، لاڈبازار، چومحلہ وغیرہ میں 140 حسیناؤں کی ہریٹیج واک نے شہر میں ایک حسین ہلچل مچادی۔
حیدرآباد کے متذکرہ علاقوں میں عام دنوں کی صفائی وغیرہ کی صورتحال سے ہم سب واقف ہیں۔ لیکن مقابلہ حسن کے لئے انتظامیہ نے علاقے کو اتناہی حسین و جمیل بنادیا تھا، جو حیدرآباد کی مہمان نوازی، ثقافت اور تہذیبی روایات کی آئینہ دار تھا۔
لاڈبازار کے دکاندار جو خواتین کے ساتھ گھنٹوں “چکانے” (بھاؤ تاؤ) کے عادی ہیں نے اس موقع پر خیر سگالی اور حسن زن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسیناؤں کی جانب سے پسند کی گئی اشیاء کی کوئی قیمت وصول نہیں کی بلکہ انھین تحفتاُ پیش کردیا۔ بانی شہر قلی قطب شاہ کی دعا تھی کہ “مرا شہر لوگاں سے معمور کر”۔ حیدرآباد شہر قلی قطب شاہ کی توقع سے زیادہ معمور ہوگیا۔
تو اب ہمارے سربراہ ریاست ریونت ریڈی نے شاید یہ کہتے ہوئے حیدرآباد میں عالمی مقابلہ حسن کا اہتمام کیا کہ “مرا شہر حسیناؤں سے معمور کر”