تلنگانہ

اردو میڈیم کی مخلوعہ جائیدادوں کے لئے دوسری فہرست جاری کرنے ڈی ایس سی امیدواروں کا مطالبہ

تلنگانہ حکومت کی جانب سے ڈی ایس سی 2024 کے تحت 11 ہزار سے زائد اساتذہ کا تقرر کیا گیا ہے، جس سے نئے منتخب شدہ اساتذہ میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے، لیکن اردو میڈیم کے امیدواروں میں مایوسی کا ماحول ہے۔ اردو میڈیم کے امیدوار نہ صرف حیدرآباد بلکہ ضلعی سطح پر بھی اپنا احتجاج درج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون پر احتجاج کیا اور کانگریس کے عوامی منتخب نمائندوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے اردو میڈیم اسکولوں کے ساتھ انصاف کرنے کی درخواست کی۔

 

دراصل، ڈی ایس سی 2024 کے تحت اردو میڈیم کی 1,181 جائیدادوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم ایس سی، ایس ٹی اور دیگر تحفظات کے باعث 666 جائیدادوں پر تقررات نہیں ہو سکے۔ یہ جائیدادیں طویل عرصے سے خالی ہیں اور امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث تقررات نہیں ہو پا رہے ہیں، جس سے اردو میڈیم اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔

 

اس معاملے میں منتخب نمائندوں اور ملی جذبہ رکھنے والے افراد سے بار بار نمائندگی کی گئی۔ 26 اکتوبر بروز ہفتہ، صبح 10 بجے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے گئے، جہاں طویل انتظار کے بعد وزیراعلیٰ کے پی اے سے بات ہوئی، اور وہاں مثبت ردعمل ظاہر کیا گیا۔ ڈی ایس سی 2024 کے اہل امیدواروں کا مطالبہ ہے کہ خالی جائیدادوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر دوسری فہرست جاری کی جائے اور اردو میڈیم کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button