نیشنل

اب ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا لباس بھی زعفرانی کردیا گیا

نئی دہلی: ’ایف آئی ایچ ہاکی عالمی کپ 2026‘ کے آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم کی جرسی کے رنگ پر بڑا تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ ‘قابل ذکر ہے کہ دہائیوں سے نیلی جرسی میں کھیلنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم اب عالمی کپ میں زعفرانی (بھگوا) رنگ کا لباس پہنے ہوئے نظر آئے گی۔

 

ہندوستانی ہاکی ٹیم کی جرسی کا رنگ بھگوا کیے جانے پر کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’چاہے وہ جرسی کا رنگ تبدیل کریں یا تعلیمی پالیسی کے ذریعہ تاریخ کو پھر سے لکھنے کی کوشش کریں وہ چاہے جو بھی کریں… آپ نے دیکھا ہے کہ

 

ہمارے ملک کے نوجوان کیا سوچتے ہیں۔ آپ نے جنتر منتر پر متحد نوجوانوں کی باتیں سنی ہیں۔ یہ ملک کی آواز ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ عدم تشدد اور سچائی پر اس ملک کی جنگ آزادی کی بنیاد رکھی گئی۔

 

اس میں آر ایس ایس کا کوئی کردار نہیں تھا پورا ملک اس حقیقت کو جانتا ہے جن لوگوں کو نہیں پتہ تھا انہیں آج پتہ چل چکا ہے کہ ان کی نیت کیا ہے۔‘ ہاکی انڈیا کے اس فیصلے نے کھیل کی دنیا میں ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا ہے۔

 

سب سے زیادہ کھل کر مخالفت کرنے والوں میں ہندوستان کے سابق کپتان ویرین راسکنہا ہیں۔ ہندوستانی ہاکی کے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے ویرین راسکنہا نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

 

انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مجھے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہاکی انڈیا نے ہندوستان کے لیے کئی اچھے کام کیے ہیں لیکن یہ فیصلہ شرمناک ہے۔ ہندوستانی ٹیم کی وراثت اور شناخت ہمیشہ نیلی جرسی رہی ہے۔

 

میں نے کئی برسوں تک فخر کے ساتھ نیلی جرسی پہنی ہے۔ مداح بھی ہندوستانی ٹیم کو نیلی جرسی میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ آخر نارنگی (بھگوا) رنگ کا جواز کیا ہے۔‘‘ویرین راسکنہا کا ماننا ہے کہ ’’ہندوستانی ہاکی ٹیم کی نیلی جرسی صرف ایک رنگ نہیں، بلکہ دہائیوں سے اس کی پہچان ہے۔

 

اولمپکس سے لے کر عالمی کپ اور ایشیائی کھیلوں تک ہندوستانی ٹیم کو اسی رنگ میں دنیا نے دیکھا ہے۔ ایسے میں عالمی کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ سے ٹھیک پہلے جرسی کا رنگ تبدیل کرنے کا فیصلہ کئی سابقہ کھلاڑیوں اور مداحوں کو حیران کر رہا ہے۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

Back to top button