تلنگانہ

"دیوالی دھماکہ آفر ” کے نام پر لوٹ۔ سائبر دھوکہ بازوں کا نیا حربہ

حیدرآباد:دیوالی کے تہوار کے موقع پر سائبر مجرموں نے نقلی دیوالی دھماکہ آفر ذریعہ لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ یہ جرائم پیشہ افراد مشہور ای کامرس کمپنیوں کے نام پر جعلی ویب سائٹ لنکس بھیج کر لوگوں سے رقم بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے سے دیوالی کے بہانے دھوکہ دہی کے معاملات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

 

دیوالی کی خریداری کے دوران، لوگ عام طور پر کپڑے، گاڑیاں، کھانا پکانے کے برتن، گھریلو آلات، الیکٹرانک مصنوعات، اور فرنیچر خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں ای کامرس ویب سائٹس نے خصوصی پیشکشیں دینے کا اعلان کیا ہے تاہم سائبر ٹولیاں ان مواقع کا فائدہ اٹھا کر فیسٹیول آفر کے نام پر واٹس ایپ پر ویب لنکس اور اے پی کے فائلیں بھیج رہے ہیں۔یہ فائلیں اگر کلک کی جائیں تو صارف کے فون کا تمام ڈیٹا چوری ہو جاتا ہے۔ صارفین کو یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ ایک جعلی ویب سائٹ پر پہنچ چکے ہیں،اور اگر غلطی سے رقم ادا کر دی جائے تو سامان کبھی نہیں پہنچایا جاتا۔

 

مجرم 50 فیصد ڈسکاؤنٹ کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں، اور APK فائلوں کے ذریعے آپ کے فون کی تمام معلومات تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ مجرم ای کامرس کمپنیوں کے نام پر بمپر ڈرا اور لاٹری کے پیغامات بھی بھیجتے ہیں جن میں کاریں اور بائیک جیتنے کا وعدہ کیا جاتا ہے اگر کوئی شخص ان پیغامات کو سچ مان لیں تو دھوکہ ہو سکتا ہے۔اس صورتحال سے بچنے کے لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں۔ دیوالی کے موقع پر خریداری کرنے سے پہلے ہمیشہ ای کامرس کمپنی کی اصل ویب سائٹ چیک کریں۔

 

کسی بھی غیر متوقع پیغام یا آفر پر یقین نہ کریں اور اپنی ذاتی معلومات کو ہرگز شیئر نہ کریں۔حفاظتی تدابیر اختیار کر کے آپ خود کو ان سائبر جرائم سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button