نارائن پیٹ ضلع سے حج 2027 کے لئے صرف 11 خوش نصیب عازمینِ حج کا انتخاب

نارائن پیٹ، 30 جولائی (اردو لیکس) نارائن پیٹ ضلع سے حج 2027 کے لیے اس سال صرف 11 خوش نصیب عازمینِ حج کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب عمل میں آیا، جبکہ ضلع کے لیے متوقع کوٹہ 60 سے زائد عازمین کا بتایا جارہا ہے۔اس صورتحال کے باعث ضلع کے متعدد درخواست گزار اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے منتخب نہ ہو سکے
واضح رہے کہ گزشتہ برس سے عازمینِ حج کا انتخاب ضلع وار کوٹہ کی بنیاد پر کرنے کے بجائے ریاستی سطح پر مجموعی قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ اس نئی پالیسی سے اگرچہ بڑے اضلاع اور شہری علاقوں کے عازمین کو نسبتاً فائدہ حاصل ہوا ہے۔ تاہم اس کے نتیجے میں نئے اور چھوٹے اضلاع کے عازمین کو مطلوبہ نمائندگی حاصل نہیں ہو پا رہی ہے
۔ اس سال ضلع نارائن پیٹ کے متعدد مرد و خواتین نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے درخواستیں داخل کی تھیں، لیکن صرف 11 افراد کا ہی انتخاب ہونے کے باعث بیشتر امیدوار فہرست سے باہر رہ گئے۔
اس سلسلے میں نارائن پیٹ حج سوسائٹی کے صدر الحاج محمد امیرالدین ایڈوکیٹ اور معتمدِ عمومی الحاج عثمان عبیداللہ صدیقی مجاہد نے ریاستی حج کمیٹی سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ نارائن پیٹ ضلع کے جن عازمین کا اس سال قرعہ میں انتخاب نہیں ہو سکا، انہیں اضافی کوٹہ یا ویٹنگ لسٹ میں مناسب نمائندگی دیتے ہوئے حج 2027 کی سعادت سے محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اضلاع کے عازمین کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ان کے لیے علیحدہ اور مناسب کوٹہ مقرر کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



