تلنگانہ

شہریان حیدرآباد کو بارش کے پیش نظر کمشنر پولیس کا مشورہ

حیدرآباد؛ شدید بارش کے پیشِ نظر حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی سی سجنار آئی پی ایس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل احتیاط برتیں اور چوکسی اختیار کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ عوام محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی موسمی اطلاعات اور انتباہات پر مسلسل نظر رکھیں اور بارش کی پیش گوئی کے مطابق اپنے روزمرہ کے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔

 

بارش کے دوران جمعرات کے روز پولیس کمشنر نے خود پنجہ گٹہ اور خیرت آباد جنکشنوں کا دورہ کرکے ٹریفک کی صورتحال اور گاڑیوں کی آمدورفت کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ بارش کے باعث شہریوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اس کے لیے محکمۂ پولیس، جی ایچ ایم سی اور دیگر تمام سرکاری محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے فیلڈ میں تعینات ملازمین مسلسل اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران کھلے مین ہولس، ٹوٹے ہوئے برقی کے تاروں اور برقی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

 

انہوں نے گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا کہ نشیبی علاقوں جہاں پانی جمع ہو جاتا ہے اور فلائی اوورس کے قریب رفتار کم رکھیں اور انتہائی احتیاط سے سفر کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دن تک شدید بارش کا امکان ہے

 

لہٰذا شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ٹریفک سے متعلق مدد کے لیے عوام ڈائل 100 پر رابطہ کریں۔شہریوں سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی سہولت اور حفاظت کے لیے سٹی ٹریفک پولیس

 

کی جانب سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزریس پر باقاعدگی سے عمل کریں تاکہ محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button