سعودی عرب – بازوں کی نیلامی کو دلچسپ بنانے کے لیے نئے قوانین متعارف

کے این واصف
جس طرح گزرے برسوں میں ہمارے ہاں خلیل خان کے فاختے اڑانے اور امیر و مراء کا کبوتر پالنے کے شوق ہواکرتے تھے اسی طرح سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں باز کے پالنے ان کے مقابلوں حصہ لینا اور ان کی خرید و فروخت سماج کے متمول طبقہ میں عام ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن نے 2026 کے ایڈیشن کے لیے نئے قوانین متعارف کروائے ہیں جس کے تحت صرف ان ہی بازوں کو تمام مقامی اور بین الاقوامی چِک ریسنگ کے زمروں میں مقابلہ کرنے کا اہل قرار دیا گیا ہے جو اس نیلامی کے ذریعے فروخت ہوں گے۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس اقدام سے بریڈرز، سرمایہ کاروں اور خریداروں کے لیے مواقع میں بھرپور اضافہ ہوگا۔ اس اقدام سے خریداروں کی دلچسپی اور خریدو فروخت کی سرگرمیوں میں مزید اضافے کی بھی توقع ہے خاص طور پر 2025 کی ریکارڈ کامیابی کے بعد جس میں 67 بریڈنگ فارمز کی شرکت کے ساتھ 1,103 باز فروخت ہوئے اور ایک کروڑ 30 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 35 لاکھ ڈالر) سے زائد کی مجموعی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
دی نیشنل سینٹر فار فالکنز پانچ اگست سے 25 اگست تک ریاض سعودی عرب کے شمال میں واقع ملھم میں اپنے ہیڈکوارٹر میں انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن منعقد کرے گا۔



