زخمی ڈرائیور تڑپتا رہا – لوگ سڑک پر بکھرے سیب لوٹتے رہے – تلنگانہ کے محبوب آباد ضلع میں واقعہ
تلنگانہ کے محبوب آباد ضلع میں سیب سے لدی ایک ڈی سی ایم ویان الٹنے کے بعد پیش آنے والا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ حادثے میں زخمی ڈرائیور کی مدد کرنے کے بجائے وہاں موجود لوگ سڑک پر بکھرے سیب لوٹنے میں مصروف ہو گئے۔
یہ حادثہ محبوب آباد ضلع کے تورور منڈل کے ماتیڈو گاؤں اسٹیج کے قریب ورنگل۔کھمم قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں سیب سے لدی ڈی سی ایم ویان بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں ڈرائیور زخمی ہو گیا جبکہ ویان میں موجود سیب سڑک پر بکھر گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد بڑی تعداد میں مقامی لوگ موقع پر جمع ہوگئے، لیکن زخمی ڈرائیور کو بچانے کے بجائے سیب اٹھانے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینے لگے۔ کئی افراد تھیلوں میں کلو کے حساب سے سیب بھر کر لے گئے، یہاں تک کہ چند ہی لمحوں میں پوری ویان خالی ہوگئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، حالات کا جائزہ لیا اور زخمی ڈرائیور کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کرنے کے اقدامات کیے۔ حادثے کے وقت موجود لوگوں کے رویے پر مقامی افراد برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔



