تلنگانہ

تلنگانہ ٹی ای ٹی امتحان میں 14 ہزار سے زائد سرکاری اساتذہ ناکام – 2028 تک امتحان پاس نہ کیا تو ملازمت خطرے میں

تلنگانہ میں گزشتہ ماہ منعقدہ ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی) کے نتائج نے محکمہ تعلیم میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ امتحان میں شرکت کرنے والے سرکاری اساتذہ کی بڑی تعداد کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد تعلیمی حلقوں میں اساتذہ کی تدریسی صلاحیت اور تربیتی نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹی ای ٹی امتحان میں مجموعی طور پر 23,623 سرکاری اساتذہ شریک ہوئے، جن میں سے صرف 8,809 اساتذہ کامیاب قرار پائے، جبکہ 14,814 اساتذہ امتحان میں مطلوبہ نمبرات حاصل نہ کر سکے۔ اس طرح کامیابی کی مجموعی شرح صرف 37.29 فیصد رہی، جو گزشتہ سال کے 50 فیصد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔

 

ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ نتائج میں اس قدر بڑی گراوٹ محکمہ تعلیم کے لیے ایک سنجیدہ انتباہ ہے اور اس سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت اجاگر ہوتی ہے۔ دوسری جانب ناکام اساتذہ میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے، کیونکہ ان کے مستقبل کے تعلق سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

 

سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق سرکاری اساتذہ کے لیے ٹی ای ٹی امتحان میں کامیابی لازمی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی سرکاری استاد اگست 2028 تک ٹی ای ٹی پاس نہیں کرتا تو اسے اپنی ملازمت سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔

 

اسی وجہ سے اس بار ناکام ہونے والے ہزاروں اساتذہ کے لئے آئندہ امتحانات انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں، جبکہ محکمہ تعلیم پر بھی اساتذہ کی رہنمائی اور تربیت کو بہتر بنانے کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button