جنرل نیوز

وقف ترمیمی قانون کے حوالے سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا مشاورتی اجلاس، عادل آباد سے حافظ محمد منظور احمد نے پیش کی اہم تجاویز

عادل آباد۔15/اپریل( )آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی نگرانی میں وقف ترمیمی قانون کے سلسلے میں ایک مشاورتی اجلاس ریڈ روز فنکشن ہال، نامپلی حیدرآباد میں منعقد ہوا،جس کی صدارت بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی۔ اجلاس میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی اہم تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس اجلاس میں ضلع عادل آباد سے حافظ محمد منظور احمد نے نمائندگی کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کے لئے اپنی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی۔ اور بتایا کہ عادل آباد میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کے لئے ایک اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قیام کا ارادہ کیا گیا تھا۔اس اجلاس میں حافظ منظور احمد نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل ضروری ہے، مگر اس کمیٹی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی نگرانی اور رہنمائی کے تحت احتجاجی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ ان کی اس تجویز پر کمیٹی کے ذمہ داران نے اتفاق کیا، اور اس کے بعد عادل آباد کی تمام مساجد میں "وقف بچاؤ، دستور بچاؤ” کے نعرے کے تحت سیاہ پٹیاں باندھ کر پرامن احتجاج منظم کیا گیا۔حافظ محمد منظور احمد نے اجلاس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے مختلف اقدامات کی بھرپور ستائش کی اور اپنے خیالات سے بورڈ کے اکابرین کو آگاہ کیا۔ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے نہ صرف حافظ محمد منظور احمد کی تجاویز کی تعریف کی بلکہ اس اہم مسئلے پر حافظ محمد منظور احمد کی خدمات کو بھی سراہا۔اس وفد میں مولانا سید مبشر احمد رشیدی، حافظ عبدالعزیز، مولانا سید رضوان اسعدی (ترجمان منبر و محراب فاؤنڈیشن)، حافظ شیخ بشیر احمد، محمد عبدالکلیم اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔اس اجلاس نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وقف کی حفاظت اور مسلم پرسنل لا کے دفاع کے لیے ہر سطح پر جدو جہد جاری رکھی جائے گی، اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی قیادت میں تمام مسلمانوں کو متحد کر کے اس مقصد کو حاصل کیا جائے گا۔حافظ محمد منظور احمد کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اس اجلاس میں شرکت کا موقع فراہم کرنا عادل آباد کے لیے فخر کی بات سمجھی جا رہی ہے۔

Oplus_16908288

متعلقہ خبریں

Back to top button