ایجوکیشن

غوث نگر ہائی اسکول میں سالانہ گریجویشن ڈے تقریب کا شاندار انداز میں انعقاد.

غوث نگر ہائی اسکول میں سالانہ گریجویشن ڈے تقریب کا شاندار انداز میں انعقاد.

ایس ایم رضی اللہ (پولیس ڈپارٹمنٹ) بطور مہمانِ خصوصی شریک، طلبہ و اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا گیا

 

گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں سالانہ گریجویشن ڈے تقریب نہایت شان و شوکت، باوقار ماحول، مثالی نظم و ضبط اور بے مثال جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ رنگ برنگے غباروں، خوبصورت آرائش، دیدہ زیب اسٹیج سجاوٹ اور خصوصی سیلفی کارنر نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ والدین، سماجی شخصیات، محکمہ جاتی نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر جناب ایس ایم رضی اللہ صاحب (پولیس ڈپارٹمنٹ) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اسکول آمد پر صدر مدرس شاہد علی حسرت نے مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا۔

 

اپنے خطاب میں جناب ایس ایم رضی اللہ صاحب نے کہا:

"غوث نگر ہائی اسکول بہترین نظم و نسق، معیاری تعلیم اور کردار سازی کا روشن مرکز بن چکا ہے۔ یہاں کے طلبہ میں اعتماد، صلاحیت اور مستقبل کی قیادت کے آثار نمایاں ہیں۔ اساتذہ اور انتظامیہ کی مسلسل محنت لائقِ تحسین ہے۔”

 

انہوں نے مزید کہا کہ:

"تعلیم وہ طاقت ہے جو فرد، خاندان اور قوم کی تقدیر بدل دیتی ہے۔ جو طلبہ آج محنت کریں گے، وہی کل معاشرے کی رہنمائی کریں گے۔”

 

جناب محمد معراج الدین صاحب نے کہا:

"غوث نگر اسکول ماضی میں مختلف مسائل سے دوچار رہا، مگر گزشتہ ایک سال میں اس ادارے نے جو ترقی کی ہے وہ بے مثال ہے۔ اس کامیابی کا سہرا صدر مدرس شاہد علی حسرت صاحب کی بہترین منصوبہ بندی، فعال قیادت اور مخلصانہ خدمات کو جاتا ہے۔”

 

جناب سید ندیم اختر صاحب نے طلبہ کے شاندار مظاہروں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا:

"اسکول کے ہر معلم اور معلمہ نے جس جذبے اور ٹیم ورک کے ساتھ کام کیا ہے، اسی کے نتیجے میں آج اسکول ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے۔”

 

تقریب کی ایک خاص جھلک یہ رہی کہ پرائمری اور ہائی اسکول سیکشن کے تمام اساتذہ ایک ہی یونیفارم میں ملبوس تھے، جس سے اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ مشن کا پیغام نمایاں ہوا کہ ہم سب ایک ہیں اور طلبہ کی کامیابی ہی ہمارا مقصد ہے۔

 

صدر مدرس شاہد علی حسرت نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا:

"آج کا دن صرف کامیابی کا جشن نہیں بلکہ مسلسل محنت، قربانی، نظم و ضبط اور اجتماعی جدوجہد کا اعتراف ہے۔ ان کامیاب چہروں کے پیچھے اساتذہ کی انتھک محنت، والدین کی دعائیں اور طلبہ کی لگن شامل ہے۔ ہمارا مقصد صرف نصابی تعلیم نہیں بلکہ ایک باکردار اور باصلاحیت نسل تیار کرنا ہے۔”

 

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:

"پیارے بچوں! علم کو اپنا زیور، اخلاق کو اپنی پہچان اور خدمت کو اپنا شعار بنائیں، یہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔”

 

انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کو بہترین انداز میں سجانے، دیدہ زیب ڈیکوریشن کرنے اور ہر باریکی کو نمایاں بنانے میں جناب محمد رفیع صاحب، سوری ولیم اسٹین صاحب اور سید خالد صاحب کی مشترکہ کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کلچرل انچارجز محترمہ حمیرا فاطمہ صاحبہ عارفہ بیگم صاحبہ رقیہ فاطمہ صاحبہ، سمرین فاطمہ صاحبہ ،عرفانہ انجم صاحبہ ،صدر مدرس نے ان حضرات کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے جذبۂ تعاون کا خصوصی اعتراف کیا۔

 

تقریب میں نمایاں اعزازات تقسیم کیے گئے:

 

– 200 طلبہ کو سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی پر میڈل اور سرٹیفکیٹس عطا کیے گئے۔

– 34 طلبہ کو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

– طلبہ کی کامیابی میں مشترکہ کردار ادا کرنے والے والدین کو بیسٹ پیرنٹ ایوارڈ پیش کیا گیا۔

– ٹیچر آف دی ایئر ایوارڈ پرائمری سیکشن سے محترمہ حمیرا فاطمہ صاحبہ اور ہائی اسکول سیکشن سے محترمہ سمرین فاطمہ صاحبہ کو دیا گیا۔

– اساتذہ کو نمایاں رہنمائی اور تربیتی خدمات پر بیسٹ مینٹر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

 

بعد ازاں طلبہ نے ایک کے بعد دیگرے شاندار، دلکش اور اعلیٰ معیار کے پروگرام پیش کیے جن میں ملی نغمے، تقاریر، معلوماتی خاکے، ثقافتی مظاہرے اور تخلیقی سرگرمیاں شامل تھیں۔ حاضرین نے بھرپور داد دی۔

 

اس موقع پر موجود اساتذہ کرام میں محترمہ نجمہ بیگم، عطیہ طلعت، حمیرا فاطمہ، عارفہ بیگم، رقیہ فاطمہ، سوری ولیم اسٹین، صباءافرین، وسیمہ بیگم، قدسیہ سلطانہ، شگفتہ یاسمین، عرفان انجم، سمرین فاطمہ، نسیم انساء شیخ، سید خالد، میمونہ بیگم، محمد رفیع، محمد عبداللہ مظہر، اقبال حسین، وحید خان، اعجاز الدین، عبدالحفیظ، سید سلیم الدین، محمد عبدالفرید ,اور ایک ایم سی چیرمین ڈاکٹر میر سعادت علی اور دیگر شامل تھے۔

 

نظامت کے فرائض محترمہ عارفہ بیگم، حمیرا فاطمہ، سمرین فاطمہ اور عرفانہ انجم نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے جبکہ شگفتہ یاسمین اور محمد رفیع نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔

 

تقریب کے اختتام پر تمام جماعتوں کے طلبہ کے ساتھ یادگاری گروپ فوٹوز لیے گئے۔ مہمانانِ گرامی نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو دل کھول کر مبارکباد پیش کی۔

 

یہ تقریب غوث نگر ہائی اسکول کی ترقی، اتحاد، تعلیمی معیار اور بہترین قیادت کی روشن مثال بن کر سامنے آئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button