ایجوکیشن

روبوٹکس عالمی مقابلوں میں ڈان اسکول کی کامیابی کا سفر

حیدرآباد ۔ روبوٹکس کی تعلیم ڈان ہائی اسکول کی ایک اہم خصوصیت بن گئی ہے۔ اسکول میں روبوٹکس کے اکسپرٹس بچوں کو پچھلے چار سال سے نئے دور کی اس اہم ضرورت کی تعلیم دے رہے ہیں ۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ڈان اسکول کے اسٹوڈنٹس نے انٹرنیشنل ایونٹس میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ حال ہی میں ہونے والے ورلڈ روبوٹک اولمپیاڈ کے ایشیا پیسیفک راونڈ میں ڈان اسکول کی ہاکس ٹیم نے چھٹواں مقام حاصل کیا ۔

 

اس ٹورنمٹ میں جاپان ۔کوریا ۔ تائیوان ۔ ایران ۔ ملایشیا ۔ سنگاپور جیسی ٹیموں نے حصہ لیا تھا ۔ ڈان نے سب سے پہلے دو ہزار چوبیس میں احمدآباد میں ہونے والے ڈبلیو آر او نیشنلس میں اپنی ٹیم روانہ کی تھی جہاں اس نے پانچواں مقام حاصل کیا تھا ۔ دو ہزار پچیس میں ڈان اسکول نے الگ الگ کیٹگریز میں چار ٹیمیں روانہ کیں ۔ اس سال ڈان ہائی اسکول نے ڈبلیو آر او نیشنلس میں چوتھا مقام حاصل کرتے ہوئے روبوٹکس کی دنیا میں اپنا چھاپ چھوڑی تھی ۔

 

کامیابی کا یہ سفر دو ہزار چھبیس میں بھی جاری رہا اور ڈبلیو آر او مقابلوں میں پانچ ٹیمیں بھیجی گئیں ۔ ان میں سے ایک ٹیم نے ایشیا پیسیفک چمپین شپ میں انڈیا کی نمائندگی کی ۔ اس سال پہلی مرتبہ لڑکیوں کی ٹیم کو بھی روانہ کیا گیا اور اس نے ریجنل راونڈ میں دوسرا انعام حاصل کیا ۔

 

اب ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے چیرمین فضل الرحمن خرم اور ڈائرکٹر وصی الرحمن کی نگرانی میں روبوٹکس ٹیم جنوری اور فبروری میں ہونے والے سائنس فیر اور اگست میں ہونے والے ڈبلیو آر او مقابلوں کی تیاری کررہی ہے۔ ڈان اسکول کو روبوٹکس میں عظیم کامیابی دلانے میں ہیڈ کوچ فراز محی الدین کا اہم کردار رہا ہے۔

 

فضل الرحمن خرم نے بتایا کہ ڈان اسکول میں بچوں کو روبوٹکس کی تعلیم صرف روبوٹ بنانے کے لئے نہیں بلکہ انہیں یہ سکھانے کیلئے دی جارہی ہے کہ وہ کیسے نئے تقاضوں کے مطابق سوچیں ۔ تجربے کریں اور مسائل کا حل تلاش کریں ۔ انہوں نے کہا ڈان روبوٹکس پروگرام اب دوسرے اسکولوں کے اسٹوڈنٹس کے لئے کھولا جارہا ہے

 

اور ان کے لئے اسکول کے بعد اور چھٹیوں میں روبوٹکس کی تعلیم کا انتظام کیا جارہا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button