تلنگانہ میں چکن کی قیمتیں آسمان پر – قیمتیں 400 تک پہنچنے کا امکان ، نان ویج شوقین پریشان

تلنگانہ میں چکن کی قیمتوں نے نان ویج شوقین کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ گزشتہ دس دنوں میں چکن کی فی کلو قیمت میں تقریباً 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے صارفین تشویش میں مبتلا ہیں۔
ایک ہفتہ قبل تک حیدرآباد میں اسکن لیس چکن 240 روپے فی کلو فروخت ہورہا تھا، لیکن اب کئی علاقوں میں یہی قیمت بڑھ کر 340 تا 350 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب فارمز میں لائیو چکن کی قیمت 170 سے 180 روپے فی کلو جبکہ انڈوں کی قیمت ایک درجن کے لئے 72 تا 75 روپے تک جا پہنچی ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی اور لُو کے باعث پولٹری صنعت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ فارمز میں مرغیاں گرمی کے سبب مناسب خوراک نہیں لے پا رہی ہیں اور نہ ہی موسم برداشت کر پا رہی ہیں، جس کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں اموات ہورہی ہیں۔
پولٹری مالکان کا کہنا ہے کہ پیداوار میں کمی اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانا مجبوری بن گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں چکن کی قیمت 400 روپے فی کلو سے تجاوز کرسکتی ہے۔
چکن کی بڑھتی قیمتوں کے بعد کئی نان ویج شوقین افراد اب مچھلی اور دیگر متبادل غذاؤں کا رخ کر رہے ہیں۔



