چنئی ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا —ابوظہبی جانے والے اتحاد طیارے میں ٹیک آف سے پہلے اچانک آگ بھڑک اٹھی، 280 مسافر محفوظ

چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا، ابوظہبی جانے والی اتحاد ایئر ویز کی پرواز میں ٹیک آف سے چند منٹ قبل اچانک آگ بھڑک اٹھی۔تفصیلات کے مطابق اتحاد ایئر ویز کا طیارہ صبح چنئی سے ابوظہبی کے لیے روانہ ہونے والا تھا۔
تمام مسافروں کے سوار ہونے کے بعد جب طیارہ رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا تو پائلٹس نے بائیں وِنگ کے حصے میں آگ کے شعلے دیکھے۔پائلٹس نے فوری طور پر صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے طیارے کو روک دیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی۔
اس کے بعد فائر بریگیڈ ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پالیا گیا۔طیارے میں سوار تقریباً 280 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔حکام کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ تکنیکی خرابی قرار دی جا رہی ہے
۔ طیارے کو فی الحال گراؤنڈ کر کے مکمل جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ پرواز منسوخ ہونے کے باعث مسافر ایئرپورٹ پر ہی پھنس گئے ہیں، جبکہ ایئرلائن انتظامیہ متبادل انتظامات کرنے میں مصروف ہے۔




