ایران – امریکہ جنگ کا نیا انکشاف _ متحدہ عرب امارات نے بھی خفیہ طور پر ایران کے اہم تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا

امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر شدید جوابی کارروائیوں کے درمیان اب ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بھی خفیہ طور پر ایران کے اہم تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
اطلاعات کے مطابق خلیج فارس میں واقع لاوان جزیرے پر ایران کی اہم آئل ریفائنری پر یو اے ای نے کئی مرتبہ حملے کیے، جس کے نتیجے میں وہاں شدید آگ بھڑک اٹھی اور ریفائنری کو بھاری نقصان پہنچا۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ آئل ریفائنری کئی ماہ تک کام کرنے کے قابل نہیں رہی۔
یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب اپریل کے دوسرے ہفتے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے بات چیت جاری تھی۔ ایران نے گزشتہ ماہ اپنی ریفائنری پر حملے کی تصدیق تو کی تھی، تاہم حملہ آور ملک کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
بعد ازاں تہران نے متحدہ عرب امارات اور کویت پر جوابی حملے کیے۔ یاد رہے کہ 28 فروری کو اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر مشترکہ حملے کیے تھے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی۔
ایران نے خاص طور پر امریکہ کے قریبی اتحادی متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنایا اور جنگ کے دوران یو اے ای پر 2800 سے زائد میزائل اور ڈرون داغے۔ ماہرین کے مطابق ابو ظہبی کے تیل تجارت کے متبادل مرکز بننے کے امکانات بھی ایران کی شدید کارروائیوں کی ایک بڑی وجہ بنے۔



