نیٹ یو جی امتحان منسوخ – پیپر لیک ہونے کی تصدیق کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کا اعلان
نیٹ یو جی 2026 کے سوالیہ پرچے کے لیک ہونے سے متعلق سامنے آنے والی خبروں نے ملک بھر میں ہلچل مچا دی ہے۔ اسی تنازعہ کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 3 مئی کو منعقدہ نیٹ امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق جلد ہی نئے امتحانی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ این ٹی اے نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ طلبہ کے مفاد اور قومی امتحانی نظام پر اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نئے امتحان کے لئے طلبہ کو دوبارہ رجسٹریشن یا فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئی تاریخوں کے اعلان کے بعد نئے ایڈمٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ ساتھ ہی سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے الزامات کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب راجستھان کے ایڈیشنل ڈی جی پی وشال بنسل کے مطابق سکار میں امتحان سے 42 گھنٹے قبل واٹس ایپ پر ایک ایسا پریکٹس پیپر سامنے آیا جس میں 120 سے زائد سوالات شامل تھے، جو کیمسٹری سیکشن سے متعلق تھے۔ حیران کن طور پر یہ سوالات اصل نیٹ پیپر سے کافی حد تک مماثلت رکھتے تھے، حتیٰ کہ بعض جوابات کی ترتیب بھی یکساں پائی گئی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ مواد کیرالہ کے ایک میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس طالب علم سے منسلک ہے، جس نے مبینہ طور پر یہ پیپر اپنے دوست کو سکار میں فراہم کیا۔ بعد ازاں یہ مواد کوچنگ نیٹ ورکس، ہاسٹلس اور طلبہ تک پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق اس پیپر میں فزکس، کیمسٹری اور بایولوجی کے 300 سے زائد ہاتھ سے لکھے گئے سوالات شامل تھے، جنہیں 20 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک میں فروخت کیا گیا، جبکہ بعض طلبہ سے پیشگی 30 ہزار روپے سے زائد رقم بھی وصول کی گئی۔ اس معاملے میں متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔



