عادل آباد کے رمس اسپتال میں پی جی میڈیکل طالبہ کو نرسنگ آفیسر کی جانب سے ہراسانی، ملزم عدالتی ریمانڈ پر روانہ

عادل آباد۔17/مئی (اردو لیکس) عادل آباد کے راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (RIMS) اسپتال میں خواتین ملازمین، میڈیکل طلبہ اور ڈاکٹروں کے ساتھ ہراسانی کے واقعات پر تشویش بڑھتی جارہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ دنوں ایک ڈاکٹر نے ساتھی طالب علم کو محبت کے نام پر ہراساں کرکے زخمی کردیا تھا۔ اگرچہ اس طرح کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں، لیکن متاثرین شکایت درج کرانے میں ہچکچاتے ہیں اس خوف سے کہ ان کی ساکھ خراب ہو جائے گی۔ تازہ واقعہ میں ایک مرد نرسنگ آفیسر کی جانب سے پی جی میڈیکل کی طالبہ کو مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔
ذرائع کے مطابق رواں ماہ 9 مئی کو دوپہر تقریباً ایک بجے آپریشن تھیٹر میں ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد ملزم نرسنگ آفیسر نے خاتون طالبہ کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ طالبہ کے شور مچانے اور مدد کے لیے چیخنے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعہ کے بعد متاثرہ نے اگلے دن اسپتال انتظامیہ کو شکایت پیش کی، جسے بعد ازاں ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کروایا گیا۔ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جے سنگھ راتھوڑ نے معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کے لئے سات رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ ابتدائی جانچ میں واقعہ کو درست قرار دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے معاملہ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کے نوٹس میں بھی پہنچایا، جس کے بعد خواتین و اطفال بہبود محکمہ کے افسران کو فیلڈ سطح پر مکمل تحقیقات کی ہدایت دی گئی۔ دوسری جانب ٹو ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو 13 مئی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔
رمس اسپتال میں پیش آنے والے اس نوعیت کے مسلسل واقعات کے باعث خواتین ڈاکٹروں، میڈیکل طلبہ اور دیگر عملہ میں خوف و ہراس کی فضا پائی جارہی ہے۔ جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن اور میڈیکل طلبہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں اور قصورواروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس سلسلہ میں جب RIMS کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جے سنگھ راتھوڈ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی کمیٹی کے ذریعہ مکمل تحقیقات جاری ہیں اور رپورٹ کی بنیاد پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ ضلع انتظامیہ کے علم میں بھی لایا جاچکا ہے۔



