حیدرآباد فیوچر سٹی کے حدود میں بیوہ خاتون کا قتل۔ گلا اور پاوں کاٹ دئیے گئے

حیدرآباد: رنگاریڈی ضلع کے چیوڑلہ منڈل میں ایک خاتون کے بہیمانہ قتل نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ نامعلوم افراد نے 45 سالہ خاتون کو انتہائی بے دردی سے قتل کرتے ہوئے اس کا گلا اور دونوں ٹانگیں کاٹ دیں۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا
ہے کہ قتل کی واردات زیورات لوٹنے کی نیت سے انجام دی گئی۔تفصیلات کے مطابق چیوڑلہ منڈل کے گولہ پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والی ارکلی میسما نامی خاتون کی نعش ایرلا پلی ریونیو حدود میں سڑک کنارے ایک باغ کی جانب
جانے والے راستے پر پائی گئی۔ مقتولہ کے گلے میں سونے کے زیورات اور پیروں میں چاندی کے کڑے موجود تھے جنہیں لوٹنے کے مقصد سے قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر گوپال کا پہلے ہی
دیہانت ہوچکا تھا جس کے بعد وہ اپنی ماں کے گھر کے قریب رہنے لگی تھی ۔ اس کے بیٹے سریش کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق مقتولہ منگل کی شام اپنے گھر سے نکلی تھیں اور
چہارشنبہ کے روز اس کی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم افراد اسے سنسان مقام پر لے گئے جہاں اس کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا اور خاتون کے دونوں پاوں کاٹ دئیے گئے اور 50 تولے وزنی چاندی کے زیورات
کے ساتھ سونے کے زیورات بھی لوٹ لیے گئے۔پولیس کو جائے واردات کے قریب سے شراب کی بوتلیں، پانی کی بوتلیں، مکسچر برآمد ہوا جس کے بعد شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتولہ قتل سے قبل کچھ افراد کے ساتھ وہاں موجود
تھیں۔پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قتل میں مقتولہ کے جاننے والے افراد ملوث ہوسکتے ہیں یا پھر محبوب نگر ضلع میں اس نوعیت کی وارداتیں انجام دینے والے کسی گروہ کا ہاتھ ہوسکتا
ہے۔فیوچر سٹی کمشنریٹ کے کمشنر پولیس ترون جوشی نے ملزمین کی گرفتاری کے لیے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ پولیس تکنیکی شواہد بھی جمع کر رہی ہے اور جلد ہی معاملے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔



