ملت و سماج ایک عظیم دانشور،مشفق رہنما،اقلیتی تعلیمی اداروں کے مخلص محافظ سے محروم : ڈاکٹرمحمدیوسف، ایم ایس فاروق

ملت و سماج ایک عظیم دانشور،مشفق رہنما،اقلیتی تعلیمی اداروں کے مخلص محافظ سے محروم : ڈاکٹرمحمدیوسف، ایم ایس فاروق
(پریس نوٹ)آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی (AIMES) تلنگانہ و آندھرا پردیش یونٹس نامور ماہر قانون، ممتاز سینئر ایڈوکیٹ اور باوقار شخصیت جناب غلام یزدانی کے 98 سال کی عمر میں انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتا ہے۔ غلام یزدانی صاحب اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے
۔ آپ نہ صرف قانونی میدان کی ایک عظیم شخصیت تھے بلکہ دیانت داری، علم، انکساری، اعلیٰ اخلاق اور سماجی خدمت کے جذبے کے باعث ہر طبقہ میں بے حد محترم سمجھے جاتے تھے۔ آپ کے انتقال سے قانونی، تعلیمی اور سماجی حلقوں میں ایک ناقابلِ تلافی خلا پیدا ہوگیا ہے۔
مرحوم AIMES تلنگانہ و آندھرا پردیش یونٹس کے قانونی مشیر کی حیثیت سے طویل عرصہ تک وابستہ رہے اور اقلیتی تعلیمی اداروں کے حقوق کے تحفظ، قانونی رہنمائی اور فلاحی امور میں ہمیشہ گراں قدر خدمات انجام دیتے رہے۔ تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل اور قانونی معاملات میں ان کی رہنمائی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔جناب غلام یزدانی صاحب ریاست کی متعدد تعلیمی، سماجی، مذہبی اور فلاحی تنظیموں سے وابستہ رہے
۔ انہوں نے اقلیتوں اور کمزور طبقات میں معیاری تعلیم کے فروغ اور سماجی ترقی کے لیے بے لوث خدمات انجام دیں۔ ان کی سادگی، اخلاص اور عوامی خدمت نے انہیں ہر دل عزیز بنادیا تھا۔ان کا انتقال ایسے وقت میں ہوا ہے جب خاندان پہلے ہی ان کے داماد جناب خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ صاحب کی المناک شہادت کے غم سے دوچار ہے۔ یکے بعد دیگرے ان سانحات نے پوری ملت و برادری کو غمزدہ کردیا ہے۔ڈاکٹر محمد یوسف اعظم، صدر AIMES نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جناب غلام یزدانی صاحب تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے لیے ایک مشفق رہنما اور باعثِ تحریک شخصیت تھے
۔ ان کی قانونی بصیرت، دانشمندی اور ملت کے لیے خدمات ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھی جائیں گی۔ایڈوکیٹ ایم. ایس. فاروق (جنرل سیکریٹری AIMES) نے کہا کہ ملت ایک بزرگ، شفیق اور مخلص شخصیت سے محروم ہوگئی ہے جن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے ان کی سرپرستی اور تعاون بے مثال تھا۔AIMES تلنگانہ و آندھرا پردیش یونٹس مرحوم کے پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ جناب غلام یزدانی صاحب کی مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔



