جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ سپرد لحد۔ اتوار کو فاتحہ سیوم

حیدرآباد 29 مئی_ حیدرآباد کے ممتاز و معروف سینیئر ایڈوکیٹ جناب غلام یزدانی کا 28 مئی کی شب بنجارہ ہلز کے سنچری ہسپتال میں انتقال ہو گیا وہ کچھ عرصے سے یہ علیل تھے ان کی عمر 98 برس تھی ان کے انتقال سے حیدرآباد شہر ایک علمی، ادبی اور فلاحی عظیم خدمات انجام دینے والی بااثر شخصیت سے محروم ہو گیا
نماز جنازہ 29 مئی کو بعد نماز جمعہ مسجد عالیہ گن فاؤنڈری حیدرآبادمیں ادا کی گئی نماز جنازہ امیر ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش حضرت مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نےپڑھائی بشیر باغ میں واقع قبرستان میں تدفین عمل میں آئی فاتحہ سیوم اتوار 31 مئی کو بعد نماز عصر مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں مقرر ہے
نماز جمعہ سے قبل جناب علیم خان فلکی نے جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ انتہائی منکسر المزاج اور ہر دل عزیز شخصیت تھے وہ مجلس بلدیہ حیدرآباد کے کونسلر بھی رہ چکے ہیں جامع مسجد عالیہ گن فاؤنڈری کی انتظامی کمیٹی کے بھی وہ عرصے دراز سے صدر تھے اس کے علاوہ وہ انجمن ترقی اردو تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر بھی رہے جامع مسجد عالیہ کی توسیع و تعمیر میں ان کا رول ناقابل فراموش ہے
یہ مسجد بہت چھوٹی سی تھی اس کو وسیع کرنے میں انہوں نے انتھک خدمات انجام دیں اس مسجد کا ڈیزائن اس وقت کے مشہور و معروف ار کٹیکچر جناب ولی قادری نے تیار کیا تھا جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ صلح کل کے حامل تھے انہوں نے اپنے آپ کو مسلکی شدت سے کافی دور رکھا تھا یہی وجہ تھی کہ ان کے گھر پر برسوں تک جامعہ نظامیہ کے علاوہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد( بانی حضرت مولانا محمد حمید الدین حسامی عاقل رحمت اللہ علیہ)’طور بیت المال ،کل ہند مجلس تعمیر ملت، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے علاوہ کئی
دینی مدارس کے لیے چرم قربانی کی وصولی کا انتظام بھی ہوا کرتا تھا مولانا محمد حمید الدین حسامی عاقل اور بانی طور بیت المال جناب وزارت علی پاشاہ کے ساتھ جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے طور بیت المال کے استحکام میں بھی عملی طور پر جدوجہد کی تھی جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے مارننگ واکرز اسوسی ایشن کا قیام بھی عمل میں لایا تھا اور وہ باغ عام نام پلی میں صبح کے وقت چہل قدمی کرنے والوں کے لیے مہینے میں ایک بار طبی لیکچرز کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کو ان کی صحت سے متعلق ڈاکٹروں کے مشوروں سے مستفید کروایا کرتے تھے
اس کے علاوہ وہ اردو ماڈل اسکول حمایت نگر، اورینٹل اردو کالج حمایت نگر،اردو ارٹس ایوننگ ڈگری کالج حمایت نگر کی انتظامی کمیٹی کے صدر بھی تھے وہ ہمیشہ اردو کی ترقی کے لیے سرگرم عمل دیکھے گئے مجلس تعمیر ملت کے زہر اہتمام منعقد ہونے والے سالانہ جلسے کے موقع پر بھی کئی وقت انہیں صدر استقبالیہ کی حیثیت سے بھی نامزد کیا گیا تھا سینیئر ایڈوکیٹ اور کافی علمی لیاقت کے باوجود وہ ہر ایک کے ساتھ انتہائی ملنساری وخوش اخلاقی کے ساتھ پیش آیا کرتے تھے علماء، مشائخ، ایڈوکیٹس، اساتذہ، صحافتی برادری، ڈاکٹرس، انجینیئرس غرض یہ کہ زندگی کے تمام ہی شعبوں سے تعلق رکھنے والوں سے ان کے مشفقانہ اور برادرانہ تعلقات تھے
نماز جنازہ میں جناب محمد محمود علی سابق نائب وزیراعلی تلنگانہ ،جناب عزیز احمدجوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ اعتماد ،جناب ظفر جاوید صدر نظام کلب و سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی ،جناب شاہد حسین زبیری معتمد انجمن ترقی اردو تلنگانہ و آندھرا پردیش، جناب عظمت اللہ صدیقی معتمد مجلس انتظامی مسجد عالیہ، جناب مرزا یوسف بیگ صدر سٹیزنس لیگل اکیڈیمی ،ڈاکٹر سید مشتاق علی نائب صدر تعمیر ملت و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ،ڈاکٹر یوسف حامدی نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ،جناب عمر احمد شفیق متمد عمومی کل ہند مجلس تعمیر ملت ،جناب سیف الرحمن قریشی
عمومی کل ہند مجلس تعمیر ملت، جناب دستگیر علی خان خازن تعمیر ملت، جناب انور خان سابق پرنسپل انوار العلوم کالج، جناب سید ظہور الدین چیئرمین سکندرآباد کوآپریٹیو بینک، ڈاکٹر سید متین الدین قادری سابق رکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن، پروفیسر محمد مسعود احمد چیف آپریٹنگ افیسر رینوا بی بی کینسر ہاسپٹل ملک پیٹ، مولانا ڈاکٹر محمد محامد ہلال اعظمی صدر شبلی ٹرسٹ، مولانا سید شاہ ذوالفقار محی الدین صدیقی، ڈاکٹر محمد یوسف اعظم چیئرمین اذان انٹرنیشنل اسکول
ڈاکٹر عتیق اقبال ،ڈاکٹر جاوید کمال، جناب سید ظہور اللہ( اردو ہال حمایت نگر )جناب ہرجیت سنگھ (کنگ کوٹھی ),ماہر تعلیم جناب محمد حسام الدین ریاض ‘جناب ساجد احمد خان (جےاے کےموورس ٹرانسپورٹ), مرزا محمد علی بیگ المعروف شاداب ,انجینیئر عبدالجلیل طارق نائب صدر اہل سنت ویلفیئر سوسائٹی و فیضان مصطفی کمیٹی, انجینیئر محمد فیض الدین, اقبال احمد انجینیئر ,ڈاکٹر خالد شہباز ,جناب محمد خواجہ فصیح الدین سیکرٹری مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی, جناب نثار نظام الدین (فیمینا ٹیکسٹائل عابڈز)’
جناب جاوید یزدانی کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر معززین نے بڑی تعداد نےشرکت کی اور ان کے فرزند جاوید یزدانی اور نواسے ثنا اللہ خان فرحان ایڈوکیٹ کو پرسہ دیا
تعزیتی جلسہ
جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ مرحوم کا تعزیتی جلسہ مکہ مسجد لائبریری سوسائٹی کے زیر اہتمام جمعرات 4 -جون کو بعد نماز ظہر جامع مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں مقرر ہے



