گھر کے سامنے گوشت کا تھیلہ رکھ کر فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش ناکام – سی سی ٹی وی نے کھول دی پول

میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے گھر کے باہر گوشت سے بھرا تھیلا رکھ کر پولیس کو جھوٹی اطلاع دی تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کی جا سکے۔ یہ واقعہ 29 مئی کو دورالا تھانہ حدود کے ماوی میرا گاؤں میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت پونیت کے طور پر ہوئی ہے، جس نے پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دی تھی کہ اس کے گھر کے باہر گوشت سے بھرا ایک تھیلا پڑا ہوا ہے۔ اطلاع پھیلتے ہی گاؤں میں سنسنی پھیل گئی اور بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہو گئے، جس سے علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا۔
پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کیں اور عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ 12 سالہ لڑکا سائیکل پر گوشت کے کئی پیکٹ لے جا رہا تھا۔ سائیکل موڑتے وقت اتفاقی طور پر ایک پیکٹ سڑک پر گر گیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ پونیت نے وہ پیکٹ گلی سے اٹھایا اور اپنے گھر کے باہر مرکزی سڑک کے قریب رکھ دیا، جس کے بعد اس نے پولیس کو فون کر کے شکایت درج کرائی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق شکایت مکمل طور پر گمراہ کن ثابت ہوئی۔
پولیس نے گوشت کے تھیلے کو اپنی تحویل میں لے کر احتیاطی طور پر دفن کر دیا تاکہ مزید کشیدگی نہ پھیلے۔ حقائق سامنے آنے کے بعد پونیت کو سخت وارننگ دی گئی کہ آئندہ ایسی جھوٹی معلومات نہ پھیلائے جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہو۔
پولیس حکام نے کہا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے خوف و ہراس یا سماجی تناؤ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ علاقے میں صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔



