جنرل نیوز

منشیات سے پاک معاشرہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت: نارائن پیٹ میں بیداری پروگرام

نارائن پیٹ: 10 جون (اردو لیکس) عوامی حکمرانی ترقی منصوبہ پروگرام کے تحت ایگل فورس ٹیم اور محکمہ پولیس کی جانب سے محکمہ جنگلات اور محکمہ صحت کے اشتراک سے ضلع سرکاری میڈیکل کالج نارائن پیٹ میں بدھ کے روز شجرکاری اور منشیات مخالف بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔

 

اس موقع پر ڈی ایس پی این لنگیا نے کہا کہ منشیات سے دوری اختیار کرنے سے ہی ایک صحت مند اور بہتر معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، اس لیے انہیں نشہ آور اشیاء سے دور رہتے ہوئے صحت مند طرزِ زندگی اپنانا چاہیے۔

 

پروگرام میں ڈی ایڈکشن سینٹر سے علاج حاصل کرکے معمول کی زندگی میں واپس آنے والے تقریباً 20 نوجوانوں نے بھی شرکت کی اور افسران کے ساتھ مل کر پودے لگائے۔ اس موقع پر منشیات کے نقصانات اور ماحولیات کے تحفظ کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا گیا۔

 

ڈی ایس پی نے کہا کہ ریاستی حکومت منشیات کی روک تھام کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے اور سخت نگرانی کے ساتھ عوامی بیداری کے ذریعے اس لعنت پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد بلکہ خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

 

انہوں نے ڈی ایڈکشن سینٹر سے صحت یاب ہونے والے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں مزید شعور پیدا ہو سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے استعمال یا فروخت کی اطلاع فوری طور پر ٹول فری نمبر 1908، ڈائل 100 یا مقامی پولیس کو دیں۔ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

 

اس پروگرام میں سی آئی رام لال، بھگونت ریڈی، سائی لو ، آر آئی وجئے بھاسکر، میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سمپدا کمار ، ڈاکٹر کرن پرکاش، آر ایم او راگھویندر، ایس آئی وینکٹیشورلو، نریش، آنجنیلو، شیو شنکر، شریشا، ایگل فورس ٹیم، محکمہ جنگلات و صحت کے افسران، عملہ، ڈی ایڈکشن سینٹر کے نمائندے، طلبہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button