جرائم و حادثات

جائیداد کی خاطر بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل – بچانے آئی بہن بھی زخمی ؛ مہاراشٹرا کے اورنگ اباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ

چھترپتی سمبھاجی نگر:   جائیداد کے تنازعہ نے ایک خاندان کو ایسا زخم دیا جسے شاید کبھی بھلایا نہ جا سکے۔ ایک بیٹے نے  جائیداد کی لالچ میں اپنے ہی والد کو چاقو کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا جبکہ اپنے والد کو بچانے کے لئے آگے آنے والی بہن بھی حملہ میں زخمی ہوگئی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ مہاراشٹرا کے چھترپتی سمبھاجی نگر سابق آورنگ آباد میں پیش آیا.

 

پولیس کے مطابق اورنگ اباد  کے 82سالہ پٹیل جعفر کریم الدین اور ان کے بیٹا 45سالہ عبدالرحمن عبدالجعفر  کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔ معاملہ عدالت تک پہنچا اور فیصلہ والد کے حق میں آیا۔ عدالت کے حکم کے بعد انتظامیہ نے متنازعہ پلاٹ کا قبضہ جعفر کریم الدین کے حوالے کردیا، لیکن یہی کامیابی ان کی زندگی کا آخری دن ثابت ہوئی۔

 

جمعرات کی شام جعفر کریم الدین اپنی بیٹی کے ساتھ پلاٹ کا قبضہ حاصل کرکے گھر لوٹ رہے تھے کہ راستہ میں ان کے اپنے بیٹے نے ان کا راستہ روک لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تلخ کلامی کے بعد عبدالرحمن نے اچانک چاقو نکال لیا اور اپنے والد پر یکے بعد دیگرے کئی وار کردیے۔ خون میں لت پت والد کو بچانے کے لئے بیٹی دوڑی تو وہ بھی حملے کا نشانہ بن گئی۔

 

شدید زخمی جعفر کریم الدین کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔ زخمی بیٹی کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کے جسم پر متعدد ٹانکے لگائے گئے ہیں۔

 

واقعہ کے بعد علاقہ میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جس باپ نے بیٹے کو پال پوس کر بڑا کیا، اسی بیٹے کے ہاتھوں اس کی جان چلی جانا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔

 

پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر مٹ مٹا علاقے سے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے قبل نیند کی گولیاں بھی کھالی تھیں، جس کے باعث اسے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق باپ اور بیٹے کے درمیان گزشتہ آٹھ سے دس ماہ سے جائیداد کا تنازعہ جاری تھا۔ واقعہ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ جائیداد اور دولت کی کشمکش بعض اوقات خونی رشتوں کو بھی پامال کر دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button