جرائم و حادثات

بریلی تعزیہ کے جلوس میں ’پاکستان زندہ باد‘ ویڈیو کا ڈرامائی موڑ – جس نے لگائے نعرے، اسی نے پھیلائی افواہ؛ پولیس نے کھول دی پوری سازش

بریلی: ’پاکستان زندہ باد‘ نعرے کے وائرل ویڈیو کا چونکا دینے والا انکشاف، ویڈیو پوسٹ کرنے والے پر ہی الزام

 

اترپردیش کے بریلی ضلع کے حافظ گنج تھانہ حدود میں محرم سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ نعروں کے ویڈیو معاملے میں پولیس تحقیقات کے دوران حیران کن حقائق سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جن تعزیہ داروں پر اشتعال انگیز نعرے لگانے کا الزام عائد کیا گیا تھا، انہوں نے ایسے کوئی نعرے نہیں لگائے، بلکہ ویڈیو وائرل کرنے والے شخص نے خود نعرے لگا کر اسے گمراہ کن دعوے کے ساتھ سوشل میڈیا پر پھیلایا تھا۔

 

پولیس کے مطابق اتوار کی دیر رات کھائی کھیڑا گاؤں میں تعزیہ جلوس کے دوران یوگیندر پال نامی شخص نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم برادری کے افراد ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ الزام بھی لگایا گیا تھا کہ مخالفت کرنے پر ہندو برادری کے افراد کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔

 

ویڈیو تیزی سے وائرل ہونے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اس دوران بعض دیہاتیوں کی جانب سے پولیس کو ایک درخواست بھی دی گئی، جس میں چند افراد پر اشتعال انگیز نعرے بازی اور مارپیٹ کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

 

پولیس نے وائرل ویڈیو اور دیگر شواہد کا جائزہ لینے کے بعد پایا کہ تعزیہ جلوس میں شامل افراد کی جانب سے کوئی قابل اعتراض نعرہ نہیں لگایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ویڈیو میں سنائی دینے والے نعرے خود یوگیندر پال نے لگائے تھے اور بعد میں ویڈیو کو گمراہ کن انداز میں سوشل میڈیا پر پھیلا دیا گیا۔

 

ایس پی نارتھ مکیش چندر مشرا نے بتایا کہ تحقیقات میں تمام الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی ایک منظم کوشش تھی۔

 

پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرکے دو افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ افواہیں پھیلا کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button