تلنگانہ
مسلم خاتون کو ‘جے شری رام’ کہنے پر مجبور کرنے کی کوشش، ہندو خواتین نے حمایت میں آواز اٹھائی – حیدراباد میں ایس آئی آر کی کل جماعتی میٹنگ میں واقعہ
حیدرآباد کے بوئن پلی علاقے میں واقع امپیریل گارڈن میں منعقدہ ایس آئی آر کی کل جماعتی میٹنگ کے دوران ایک تنازعہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق برقع پوش مسلم خاتون کو دیکھتے ہی بعض بی جے پی کارکنوں اور رہنماؤں نے "جے شری رام” کے نعرے لگائے۔
الزام ہے کہ صرف نعرے لگانے پر اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ مذکورہ خاتون پر "جے شری رام” کہنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا، جس سے وہ ہراسانی کا شکار ہوئیں۔
واقعہ دیکھتے ہی وہاں موجود چند ہندو خواتین مسلم خاتون کی حمایت میں آگے آئیں اور اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہر مذہب کے ماننے والوں کا احترام کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسی شخص کو اس کے مذہب سے قطع نظر مخصوص نعرہ لگانے پر کیسے مجبور کیا جا سکتا ہے۔
واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں اور اس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔



