جرائم و حادثات

نلگنڈہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی مشتبہ موت پر پولیس کو قتل کا شبہ ؛ معمہ برقرار – اس رات مکان سے بچاؤ بچاؤ کی چیخیں سنائی دی

نلگنڈہ  :  تلنگانہ کے نلگنڈہ شہر کے تلنگانہ کالونی، ساگر روڈ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کے بہیمانہ قتل کا شبہ ظاہر کیا جارہائ ہے تاہم اب تک معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے۔

 

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے محمد سلطان (45)، ان کی اہلیہ حسینہ (40)، بیٹے مزمل (19) اور بیٹی افورا (14) کی موت کو قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ فارنسک ٹیم اور پولیس حکام نے منگل کو جائے واردات کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھا کئے، جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

 

رپورٹس کے مطابق 19 جون کی رات 11 بجے سے 20 جون کی صبح 4 بجے کے درمیان واردات پیش آئی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آدھی رات کو گھر سے "بچاؤ، بچاؤ” کی چیخیں سنائی دی تھیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے تیز دھار ہتھیاروں سے چاروں پر بے رحمانہ حملہ کیا، بعد ازاں نعشوں پر چادریں ڈال کر گھر کے دروازے کو تالا لگا دیا تاکہ کافی دنوں تک کسی کو واقعہ کا علم نہ ہو اور شواہد مٹ جائیں۔

 

ذرائع کے مطابق دو ماہ قبل سلطان کے گھر میں چوری کی واردات بھی ہوئی تھی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ حسینہ کو اپنے والدین سے وراثت میں پلاٹ ملا تھا اور انہوں نے دو سال قبل یہ مکان تعمیر کیا تھا۔ سلطان کی پہلی بیوی کے انتقال کے بعد انہوں نے حسینہ سے شادی کی تھی، جبکہ دونوں بچے پہلی بیوی سے تھے۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق رواں ماہ ایک رشتہ دار کی شادی سے واپسی کے بعد خاندان میں اختلافات بڑھ گئے تھے۔ اے ایس پی رمیش، ڈی ایس پی شیورام ریڈی، ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیمیں مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہیں۔ پولیس قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقتولین کے کال ڈیٹا کا بھی تجزیہ کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button