تلنگانہ

مکتھل عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کا سنگِ بنیاد، وزیر واکٹی سری ہری کی شرکت

مکتھل عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کا سنگِ بنیاد، وزیر واکٹی سری ہری کی شرکت

مزید فنڈز کی ضرورت پڑی تو حکومت فراہم کرے گی: وزیر کا عوام کو یقین دلایا

مکتھل: مکتھل مستقر پر واقع تاریخی عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کے لیے آج باوقار تقریب میں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس اہم پروگرام میں ریاستی وزیر و رکن اسمبلی مکتھل جناب واکٹی سری ہری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ عیدگاہ کی چار دیواری کی تعمیر کا یہ منصوبہ 36 لاکھ 50 ہزار روپے کے بجٹ سے انجام دیا جا رہا ہے، جس سے عیدگاہ کی حفاظت اور خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

 

تقریب کا آغاز حضرت مولانا الحاج غلام محمد صاحب رشیدی دامت برکاتہم کی رقت انگیز دعا سے ہوا، جس کے بعد تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر جامع مسجد مکتھل کی انتظامیہ، معززینِ شہر اور عوام کی جانب سے وزیر واکٹی سری ہری کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا گیا اور تہنیت پیش کی گئی۔

 

بعد ازاں جامع مسجد مکتھل کے خطیب مولانا عبدالقوی صاحب نے وزیر موصوف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کے دوران مزید مالی وسائل کی ضرورت پیش آئے تو اضافی فنڈز بھی فراہم کیے جائیں تاکہ منصوبہ مکمل معیار کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچ سکے۔ اس پر وزیر واکٹی سری ہری نے عوام اور مسجد کمیٹی کو یقین دلایا کہ عیدگاہ کی تعمیر اور ترقی کے سلسلے میں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی اور اگر مزید رقم درکار ہوئی تو بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

 

وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عیدگاہیں اور عبادت گاہیں معاشرے کی روحانی اور سماجی زندگی کا اہم حصہ ہیں، ان کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکتھل کی عیدگاہ کو ایک مثالی مقام بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

 

اس موقع پر مولانا عبدالعلیم کوثر قاسمی صاحب، مولانا اسحاق رشیدی صاحب، مولانا شفیع الرحمن صاحب، منظور الہی کونسلر، کوپشن ممبر شمس الدین صاحب،محمد شاہ عالم صاحب،محمد فیاض صاحب، قاضی شہاب الدین صاحب،الحاج اسحاق صاحب رائیچوری، جامع مسجد مکتھل کے صدر چاند پاشاہ صاحب،انور حسین سابق کونسلر صاحب،جناب عبدالقدیر صاحب، محمد جمشیر صاحب،کانگرس قائدین و عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے عیدگاہ کی ترقی کے اس منصوبے کو مکتھل کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button