حیدرآباد میں قومی یومِ تعلیم کی سرکاری تقریب کے قریب احتجاج کرتے ہوئے بی آر ایس لیڈر شیخ عبداللہ سہیل گرفتار
اقلیتی طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو نظرانداز کرنے کے خلاف احتجاج، بی آر ایس قائد عبداللہ سہیل گرفتار
چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شرکت میں یومِ تعلیم کی تقریب کے دوران بنجارہ بھون کے قریب بی آر ایس کارکنوں کی حراست
حیدرآباد، 11 نومبر: کانگریس حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور انتخابی وعدوں کو نظرانداز کئے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے سینئر بی آر ایس قائد شیخ عبداللہ سہیل اور پارٹی کے متعدد کارکنوں کو چہارشنبہ کے روز حیدرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ یہ احتجاج بنجارہ بھون کے قریب اس وقت کیا جارہا تھا جب تلنگانہ حکومت کی جانب سے مولانا ابوالکلام آزاد کے 138ویں یوم پیدائش کے موقع پر قومی یومِ تعلیم اور اقلیتی بہبود کے دن کی سرکاری تقریب منعقد کی جارہی تھی، جس میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شرکت کی۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عبداللہ سہیل نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات کے دوران اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں، بالخصوص تعلیمی شعبہ سے متعلق تیقنات پر عمل آوری میں حکومت ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً تین سال سے اقلیتی طلبہ کو نظرانداز کرنے والی حکومت کو قومی یومِ تعلیم منانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
عبداللہ سہیل نے کہا کہ کانگریس حکومت ایک طرف مولانا آزاد کے یوم پیدائش پر شاندار تقریبات منعقد کررہی ہے، دوسری طرف ہزاروں اقلیتی طلبہ اسکالرشپس کی عدم ادائیگی، فیس ری ایمبرسمنٹ کی زیرالتوا رقم اور وعدہ کردہ تعلیمی اسکیمات پر عمل آوری نہ ہونے کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب حکومت مولانا آزاد کے سب کے لئے تعلیم کے نظریہ پر عمل کرنے میں ناکام ہے تو ایسی تقریبات منعقد کرنے کا کیا مقصد ہے؟
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کا احتجاج کانگریس حکومت کے انتخابی وعدوں اور عملی کارکردگی کے درمیان فرق کو اجاگر کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔ انہوں نے پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا جواب دینے کے بجائے جمہوری احتجاج کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔
عبداللہ سہیل نے کہا کہ بی آر ایس کارکنوں کو گرفتار کرنے کے بجائے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو وضاحت کرنی چاہئے کہ کانگریس کے اقلیتی ڈیکلریشن میں کئے گئے وعدوں پر اب تک عمل کیوں نہیں کیا گیا۔ اپوزیشن قائدین کی گرفتاری سے اقلیتی تعلیم کے تئیں حکومت کی ناکامیوں کو چھپایا نہیں جاسکتا۔
بی آر ایس قائد نے کانگریس حکومت کی جانب سے عبدالکلام تحفۂ تعلیم اسکیم شروع نہ کئے جانے پر خصوصی تنقید کی۔ یہ اسکیم 2023 کے اسمبلی انتخابات سے قبل جاری کردہ کانگریس کے اقلیتی ڈیکلریشن کے اہم وعدوں میں شامل تھی۔
اس اسکیم کے تحت دسویں جماعت کامیاب کرنے والے اقلیتی طلبہ کو 10 ہزار روپے، انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے پر 15 ہزار روپے، گریجویشن پر 25 ہزار روپے، پوسٹ گریجویشن کے لئے ایک لاکھ روپے اور ایم فل و پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کرنے پر پانچ لاکھ روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
عبداللہ سہیل نے الزام لگایا کہ تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود اس اسکیم کے تحت کسی ایک طالب علم کو بھی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت مولانا آزاد کے یوم پیدائش پر تقریبات منعقد کررہی ہے، لیکن انہی کے نام سے منسوب تعلیمی اسکیم کو نظرانداز کررہی ہے، جو اقلیتی تعلیم کے تئیں حکومت کی عدم سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے اسکالرشپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ کی ادائیگیوں میں تاخیر پر بھی سوال اٹھائے۔ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کے جائزہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینٹیننس آف ٹیوشن فیس کے لئے 120 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے، تاہم صرف 1.2 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، جس سے محض 321 طلبہ کو فائدہ پہنچا۔ اسی طرح فیس ری ایمبرسمنٹ کے لئے مختص 300 کروڑ روپے کے منجملہ صرف تقریباً 45 کروڑ روپے خرچ کئے جانے کی اطلاع ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2023 کے بعد سے اسکالرشپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ سے متعلق نئی زیرالتوا واجب الادا رقم 519 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ ان کے مطابق فنڈز کی اجرائی میں تاخیر سے معاشی طور پر کمزور اقلیتی خاندانوں کے طلبہ متاثر ہورہے ہیں اور تعلیمی اداروں پر بھی مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
عبداللہ سہیل نے کہا کہ غریب طلبہ کی تعلیم جاری رکھنے کے لئے اسکالرشپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ادائیگیوں میں تاخیر سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوجاتا ہے اور تعلیمی اداروں کو بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔ فنڈز روک کر حکومت تعلیم کے فروغ کا دعویٰ نہیں کرسکتی۔
اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے عبداللہ سہیل نے کہا کہ حکومت نے اس مقصد کے لئے 130 کروڑ روپے مختص کئے اور تقریباً 76 کروڑ روپے جاری کئے، تاہم حقیقی خرچ صرف 1.30 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس اسکیم کے تحت زیرالتوا بلز اور چیکس کی رقم 164 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کے دور اقتدار میں 2,498 اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے 395.87 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی تھی۔
بی آر ایس قائد نے اقلیتی اقامتی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے داخلوں میں کمی پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے اردو میڈیم اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کے لئے وعدہ کردہ خصوصی ڈی ایس سی منعقد نہ کرنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا الزام تھا کہ اساتذہ کی ناکافی بھرتی اور بنیادی سہولتوں کی کمی سے اقلیتی طلبہ کے تعلیمی مواقع متاثر ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کانگریس حکومت اقلیتی بہبود کے لئے ہر سال 4 ہزار کروڑ روپے مختص کرنے کے وعدے کو بھی پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور 2023 کے اقلیتی ڈیکلریشن میں شامل کئی دیگر وعدوں پر بھی عمل آوری نہیں کی گئی۔
عبداللہ سہیل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عبدالکلام تحفۂ تعلیم اسکیم فوری شروع کی جائے، اسکالرشپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ کے تمام زیرالتوا بقایاجات جاری کئے جائیں، اوورسیز اسکالرشپ کے فنڈز فراہم کئے جائیں اور مخلوعہ تدریسی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے اپنی زندگی تعلیم کو ہر شخص تک پہنچانے کے لئے وقف کردی تھی۔ انہیں بہترین خراجِ عقیدت یہی ہوگا کہ مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم اور مالی تعاون فراہم کیا جائے۔ اقلیتی طلبہ کو اپنے وعدوں کے مطابق فوائد سے محروم رکھنے والی کانگریس حکومت کو ان کے یوم پیدائش پر تقریبات منعقد کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی تعلیم کے شعبہ پر ایک وائٹ پیپر جاری کیا جائے، جس میں بجٹ کی تخصیص، اخراجات، استفادہ کنندگان، زیرالتوا واجبات اور کانگریس کے اقلیتی ڈیکلریشن میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کی تفصیلات پیش کی جائیں۔



