ٹی جی ایم آر ایس اینڈ جے سی بوائز-1 کریم نگر میں یومِ اردو تقریب کا انعقاد

ٹی جی ایم آر ایس اینڈ جے سی بوائز-1 کریم نگر میں یومِ اردو تقریب کا انعقاد
کریم نگر: ٹی جی ایم آر ایس اینڈ جے سی بوائز-1 (SOE & COE) کریم نگر میں یومِ اردو کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت کالج کے پرنسپل ویرلا مہیش نے کی۔
تقریب کا مقصد اردو زبان و ادب کی اہمیت، اس کے تہذیبی و ثقافتی ورثے اور نئی نسل میں اردو زبان سے محبت و دلچسپی کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر طلبہ نے اردو زبان کی اہمیت پر تقاریر پیش کرتے ہوئے عظیم شعراء و ادباء کی ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اردو کی شیرینی، تہذیبی ورثے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
پرنسپل ویرلا مہیش نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ہماری تہذیب، ثقافت، محبت اور گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت علامت ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اردو زبان کا مطالعہ کریں اور اس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کو کامیاب بنانے میں شعبہ اردو کی اساتذہ ٹی جی ٹی اردو صبیحہ سلطانہ، پی جی ٹی اردو شمس النساء بیگم اور جے ایل اردو خدیجہ خاتون نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کا اختتام اردو زبان کی ترقی و ترویج کے عزم کے ساتھ عمل میں آیا۔




