تلنگانہ

مسلمانوں کے ووٹ کا حق چھیننے کی سازش: چیف منسٹر ریونت ریڈی

چار فیصد مسلم تحفظات ختم کرنے کا مطالبہ کرنے والے بی جے پی قائدین گجرات میں ایسا کیوں نہیں کرتے؟ مسلمانوں کے ووٹ کا حق چھیننے کی سازش: چیف منسٹر ریونت ریڈی

 

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اور بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت اقلیتوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اقلیتوں کو حاصل چار فیصد تحفظات ختم کرنے کا مطالبہ کرنے والے بی جے پی قائدین گجرات میں ایسا کیوں نہیں کرتے؟

 

حیدرآباد کے بنجارہ بھون میں آج  قومی یوم تعلیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام لگایا کہ خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی (ایس آئی آر) کے نام پر اقلیتوں، دلتوں اور غریبوں کے ووٹ حذف کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اقلیتی طلبہ کے وظائف کے معاملے میں بھی سیاست کر رہی ہے۔

 

چیف منسٹر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کانگریس کا مقصد مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین کے اس الزام پر بھی سخت ردعمل ظاہر کیا کہ کانگریس اور بی جے پی قائدین ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے قدموں میں کون گرا تھا، یہ سبھی اچھی طرح جانتے ہیں۔

 

ریونت ریڈی نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے ملک کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور ملک میں یونیورسٹیوں کے ساتھ آئی آئی ٹیز کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ اسی دور میں رکھی گئی مضبوط بنیادوں کے نتیجے میں آج ہندوستانی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button