بیوی اور سسرال والوں کے ظلم سے تنگ آکر داماد نے خودکشی کرلی

بیوی اور سسرال والوں کا ظلم۔ داماد نے خودکشی کرلی
نئی دہلی: ریاست ہریانہ فرید آباد میں 28 سالہ ایک تاجر نے اپنی دکان کے اندر خودکشی کر لی۔ مرنے سے پہلے اس نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اس نے اپنی بیوی اور اس کے ارکان خاندان پر ذہنی ہراسانی کا الزام عائد
کیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ویڈیو میں لگائے گئے الزامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔انسٹاگرام ویڈیو میں نوجوان، جس کا نام راہل بتایا گیا ہے اس نے اپنی بیوی جیوتی، ساس وینا، سسر بٹو اور سالی نیتو پر ذہنی
تشدد کا الزام لگایا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ گھر کے تمام کام یہاں تک کہ جھاڑو دینا اور برتن دھونا بھی وہ خود کرتا تھا اس کے باوجود اس پر تشدد کیا جاتا تھا اور اس کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے گئے تھے۔ اس نے کہا کہ وہ مسلسل
ذہنی دباؤ میں زندگی گزار رہا تھا۔راہل نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ اس کی موت کے ذمہ دار اس کی بیوی اور اس کا خاندان ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ اس کی موت کے بعد اس کی جائیداد
اس کی والدہ، بہن اور بھائیوں کو دی جائے۔پولیس کے مطابق راہل نے تقریباً چار ماہ قبل گارمنٹس کی دکان کھولی تھی۔ اتوار کی صبح وہ گھر میں اپنی والدہ سے ملنے کے بعد دکان پر گیا۔کچھ دیر بعد اس نے
دکان کے اندر ہی پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔پولیس اس واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔



