داعش اور القاعدہ کے نظریات پھیلانے کے الزام میں این آئی اے کی تلنگانہ سمیت 10 ریاستوں میں کارروائی، 20 مقامات پر دھاوے

داعش اور القاعدہ کے نظریات پھیلانے کے الزام میں این آئی اے کی ملک گیر کارروائی، 20 مقامات پر چھاپے
نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے چہارشنبہ کے روز ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 20 مقامات پر دھاوے کئے ۔ یہ کارروائی ایسے آن لائن نیٹ ورک کے خلاف کی گئی جس پر الزام ہے کہ وہ داعش اور القاعدہ برصغیر کے نظریات پھیلا کر نوجوانوں کو انتہاپسندی کی طرف مائل کر رہا تھا اور پرتشدد سرگرمیوں کے ذریعے بھارت میں اسلامی ریاست قائم کرنے کی سازش کر رہا تھا۔
این آئی اے کی ٹیموں نے آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، مہاراشٹر، اتر پردیش، مغربی بنگال، بہار، راجستھان، گجرات اور دہلی میں ایک ساتھ دھاوے کئے۔ اس دوران کئی موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کیے گئے، جن کی فرانزک جانچ کی جائے گی۔
اس مقدمے میں اب تک 11 ملزمان اور ایک نابالغ کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ این آئی اے نے یہ کیس رواں سال مئی میں وجئے واڑہ سے اپنے حوالے لیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق مارچ میں مرکزی ملزم رحمت اللہ شریف محمد کے گھر پر چھاپے کے دوران داعش اور القاعدہ برصغیر سے متعلق مبینہ مواد برآمد ہوا تھا، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
این آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن ذرائع کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے تھے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ان کے بیرونِ ملک موجود بعض افراد سے آن لائن رابطے تھے اور وہ بھارت مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



