آندھرا پردیش میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی کی مدت میں توسیع

حیدرآباد: آندھرا پردیش میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی کی آخری تاریخ کو مرکزی الیکشن کمیشن نے مزید دس دن کے لیے بڑھا دیا ہے۔ پہلے یہ مدت آج ختم ہونے والی تھی
تاہم اب گھر گھر سروے کا عمل 24 جولائی تک جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن 31 جولائی کو ووٹر فہرست کا ابتدائی (مسودہ) ورژن جاری کرے گا۔ اس کے بعد 30 اگست تک اعتراضات اور تجاویز وصول کی جائیں گی، جبکہ 3 اکتوبر کو ووٹر فہرست کا حتمی ایڈیشن شائع کیا جائے گا۔
ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر وویک یادو نے پیر کے روز مرکزی الیکشن کمیشن کو مکتوب لکھ کر ایس آئی آر کی مدت میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے ووٹروں سے اینیومریشن فارم وصول کرنے اور ان کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرنے کے لیے مزید دس دن کا وقت مانگا تھا۔
اس درخواست کے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں اور بعض اضلاع کے کلکٹروں کی سفارشات بھی منسلک کی گئی تھیں۔ابتدائی شیڈول کے مطابق اینیومریشن فارم وصول کرنے اور ان کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل منگل کو مکمل ہونا تھا
تاہم کئی اسمبلی حلقوں میں اب بھی 5 سے 10 فیصد فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن باقی تھی۔ اسی صورتحال کے پیش نظر مرکزی الیکشن کمیشن نے خصوصی اجازت دیتے ہوئے اس عمل کی مدت میں دس دن کی توسیع کر دی۔



