حیدرآباد میں آج شدید بارش کی پیش قیاسی۔ ایلو الرٹ جاری

حیدرآباد:جنوب مغربی مانسون سرگرم ہے جس کے اثرات کے باعث محکمۂ موسمیات نے حیدرآباد میں آج معتدل سے شدید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ کے مطابق ریاست تلنگانہ بھر میں آسمان ابر آلود رہے گا اور مختلف مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ گزشتہ روز شمالی تلنگانہ سمیت حیدرآباد میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق ضلع کاماریڈی میں سب سے زیادہ 18.2 سینٹی میٹر بارش ہوئی جبکہ وقارآباد اور سنگاریڈی اضلاع میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
حیدرآباد اور سکندرآباد میں پیر کی رات دھواں دھار بارش ہوئی ۔شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ چارمینار، چندرائن گٹہ، یاقوت پورہ، بہادرپورہ، فلک نما
اپّوگوڑہ، ایل بی نگر، ناگول، منصورآباد، ونستھلی پورم، سعیدآباد، چمپاپیٹ، سرور نگر اور دلسکھ نگر سمیت کئی علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں زیرِ آب آ گئیں تھیں ۔
دلسکھ نگر میں سائی بابا مندر کے قریب سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ شہر کے کئی علاقوں میں گھٹنوں تک پانی بھر جانے کے باعث گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔



