جرائم و حادثات

جویلری شاپ سے طلائی چین کا سرقہ، چوری کیلئے برقعہ کا استعمال۔ تلنگانہ کے تانڈور میں واقعہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ ضلع وقارآباد کے تانڈور میں ایک زیورات کی دکان پر پانچ رکنی گروہ نے گاہکوں کی طرح داخل ہوکر نہایت چالاکی سے 10 گرام وزنی سونے کی چین کی چوری کر لی۔

 

پولیس کے مطابق بُرقع پہن کر عام گاہکوں کی طرح دکان میں داخل ہونے والی اس ٹولی کے ارکان نے ملازمین سے مختلف زیورات کے ڈیزائن دکھانے کی درخواست کی۔ زیورات دیکھنے کا ڈرامہ کرتے ہوئے انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت دکان کے ملازمین کی توجہ دوسری جانب مبذول کر دی۔

 

اسی دوران بُرقع میں موجود ایک خاتون شیشے کے کاؤنٹر پر چڑھ گئی اور مہارت سے 10 گرام سونے کی چین چرا لی۔ واردات کے بعد اس نے اپنے ساتھیوں کو اشارہ کیا کہ اب روانہ ہو جائیں جس کے بعد پورا گروہ کسی کو شک ہوئے بغیر خاموشی سے وہاں سے نکل گیا۔بعد ازاں جب دکان کے مالک نے اسٹاک کا جائزہ لیا تو سونے کی چین غائب پائی گئی۔

 

جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ کیا گیا جس میں چوری کی پوری واردات واضح طور پر ریکارڈ ہوئی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔متاثرہ دکاندار کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button