جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ نظام آباد کا تعلیمی وتربیتی کامیاب ورکشاپ واجلاس عام

ملت اسلامیہ کے نونہالوں کو ارتداد سے اگر کوئی بچا سکتا ہے تو وہ علماء کرام ہی ہیں اس لیے اپنی ذمہ داری کو سمجھیں ۔۔۔۔۔
جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ نظام آباد کا تعلیمی وتربیتی کامیاب ورکشاپ واجلاس عام
تفصیلی رپورٹ
*عبد القیوم شاکر القاسمی*
امام وخطیب مسجد اسلامیہ جنرل سکریٹری جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ وخادم دارالعلوم سعیدیہ مالاپلی نظام آباد تلنگانہ
*9505057866*

6/اگست 2026 بروز جمعرات صبح 9/بجے سے شہر نظام آباد کے ادارہ انوار المدارس بابن صاحب پہاڑی پر ورکشاپ کا آغاز ہوا جس میں زون 4کے نگران ریاست تلنگانہ کے نائب صدر مولانا مفتی عبد العزیز اللحجی صاحب نے درد بھرا استقبالیہ پیش کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ ہم میں سے ہر ایک مسئول ہے اپنے ماتحتوں بالخصوص اولاد کے سلسلہ میں نگران ہیں اللہ تعالیٰ ہم سے پوچھیں گے ان کے دینی وایمان کے تحفظ کے حوالے سے ہمیں فکرکرنا انتہائی ضروری ہے ناظم عمومی مولانا مفتی انعام الحق قاسمی صاحب نے بورڈ کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوے کہا کہ موجودہ حالات میں بچوں کے عقائد ونظریات پر کڑی محنت کی ضرورت ہے قرآن وحدیث کے حوالوں سے سمجھایا کہ اگر ہم نے اپنی نئی نسل کی فکر نہیں کی تو پھر ان کو ارتداد سے کوئی نہیں بچا سکتا مکاتب دینیہ کو قائم کرنا اور جہاں موجود ہوں اس کو مستحکم کرنا ہم میں سے ہر ایک ذمہ داری ہے
مولانا خضر احمد خان قاسمی صدر ضلع نظام آباد نے مدارس ومکاتب کے ذریعہ باطل طاقتوں کا تعاقب اور مقابلہ کرنے نیز بنیادی عقائد پر محنت کرنے کی بات کی مولانا فضیل احمد قاسمی ناظم تنظیم نے مکاتب کے قیام پر ابتدائی بنیادی محنتوں کو سمجھاتے ہوئے کام کرنے کے طریقے بتلائے مولانا مفتی سعید اکبر صاحب نے دینی کاموں کے ساتھ ساتھ اہل اللہ واکابرین سے تعلق رکھنا کس قدر ضروری ہے اس موضوع پر خطاب کرتے ہوے تعلق مع اللہ کو درست رکھنے پر زور دیا مولانا محمد عمر صاحب قاسمی بنگلوری نے کہا کہ ہمیں اپنی اولاد اور نسل نو کے ایمان کی بہت زیادہ فکرکرنا ہے چونکہ گاؤں دیہاتوں میں مختلف طریقوں سے ان کے ایمان پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے مکاتب دینیہ کے ذریعہ ہی یہ ممکن ہے کہ ہم ان تمام چیزوں کا سدباب کرسکیں
صدر اجلاس مولانا عبد القوی صاحب نےزور دیا کہ ہمیں صرف اخبارات کی حد تک یا کاغذی کمیٹیاں بناکر رکھ لینا نہیں ہے بلکہ عملی میدان میں آکر دینی تعلیمی بورڈ کے مقاصد کو آگے بڑھانا ہے اکابرین علماء کرام کے بتائے ہوے اصول وضوابط پر عمل در امد کرتے ہوئے اللہ کی رضا کے لئے کام کرنا ہے آج ملت اسلامیہ کے نونہالوں کو ارتداد سے اگر کوئی بچا سکتا ہے تو وہ آپ علماء کرام ہی ہیں
مولانا احمد عبید الرحمٰن اطہر ندوی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بورڈ کے تمام پروگراموں کا مقصد علماء کرام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا اورملت اسلامیہ میں شعور و احساس جگانا ہے
اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ اپنی نیتوں کو خالص کرلو زندگی کو سنت نبوی سے آراستہ کرلو ان شاءاللہ مسائل خود بخود حل ہوتے چلے جائینگے نیز ہر انسان اپنی ذمہ داری کا احساس اٹھائیں جو جس قدر بڑا ہے اس کی ذمہ داری بھی اسی قدر بڑی ہے دیگر علماء کرام نے کہا کہ آج ہمارے مسلمان بچوں میں بے دینی کے انے کی جہاں اور بہت ساری وجوہات ہیں ان میں سے ایک اہم وجہ موبائل فون اور انٹرنیٹ کا غلط استعمال ہے مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ صاحب نے کہا کہ ہم اگر اپنی اولاد کو دیندار اور نیک دیکھنا چاہتے ہیں
تو سب سے پہلے ہمیں نیک بننا پڑے گا ہمارے بچے یوں حسن وحسین جیسے نہیں بن پائیں گے بلکہ ہمیں حضرت علی اور حضرت فاطمتہ الزہرا جیسی زندگی گذارنا پڑے گا مہمان خصوصی مولانا عبد اللہ معروفی صاحب مدظلہ العالی نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل بروز قیامت اللہ تعالیٰ سات قسم کے لوگوں کو اپنے عرش کے سایہ میں جگہ دے گا ان میں وہ والدین بھی ہوں گے
جنہوں نے اپنی اولاد کے دین وایمان کی فکر کی ہوں اور سب میں اعتدال کو باقی رکھا ہوں امام عادل کا مطلب صرف حکمران اور بادشاہ ہی نہیں بلکہ ہر بڑا اپنے ماتحتوں کے ساتھ عدل وانصاف کا معاملہ کرے تو اللہ پاک ان سب کو سایہ عرش نصیب فرمائیں گے اسی طرح وہ نوجوان جس نے اپنے رب کی عبادت کرتے ہوئے اپنی جوانی کے قیمتی لمحات کو گذارا ہوں وہ لوگ جو پوری راز داری کے ساتھ چھپ کرصدقہ کرنے والے ہوں نیز جو لوگ محض اللہ کی خاطر آپس میں محبت رکھتے ہوں اسی طرح وہ شخص جس نے تنہائ میں اپنے رب کو یاد کرکے رویا ہوں جس کی وجہ سے آنسو بہہ گےء اور مسجدوں کو ہمیشہ اباد کرنے والے لوگوں کو بھی اللہ پاک روز قیام اپنے عرش کا سایہ نصیب فرمائیں گے




