حیدرآباد میں باپ کے مبینہ تشدد سے 4 سالہ ارمان جاں بحق – ملزم سلمان کی ماں نے بیٹے کو پھانسی کی سزا دلانے کا مطالبہ کیا
حیدرآباد کے گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن حدود میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر نشہ کی حالت میں باپ کے تشدد کا شکار ہونے والا 4 سالہ بچہ ارمان دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔
یہ واقعہ چار روز قبل پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلر نمبر 104 کے قریب پیش آیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ارمان کو اس کے والد سلمان نے مبینہ طور پر نشہ کی حالت میں شدید زدوکوب کیا، جس کے نتیجہ میں بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
ارمان کو فوری طور پر علاج کے لیے نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعہ کے بعد مقامی افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے معاملہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزم والد کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے
اسی دوران ملزم سلمان کی والدہ نے روتے ہوئے اپنے بیٹے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ملزم کی والدہ نے کہا کہ سلمان نے نشہ کی حالت میں اپنے ہی معصوم بیٹے ارمان پر تشدد کیا اور اس کی موت کا سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو سخت سزا ملنی چاہیے اور مطالبہ کیا کہ سلمان کو پھانسی کی سزا دی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان جب بھی نشہ کرکے گھر آتا تھا تو اپنی بیوی پر شک کرتا تھا اور نشہ کی حالت میں اس کا رویہ انتہائی خراب ہوجاتا تھا۔
۔ پولیس تحقیقات کے بعد موت کی اصل وجہ اور واقعہ کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔





